نیشنل ایکشن پلان میں آٹھ بنیادی موضوعات موجود ہیں:شیریں مزاری 

Mar 10, 2022


 اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے وزارت انسانی حقوق، اسلام آباد میں بزنس اور انسانی حقوق سے متعلق بین الوزارتی اور بین الصوبائی سٹیرنگ کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کے دوسرے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری وزارت انسانی حقوق، مختلف وفاقی و صوبائی محکموں کے ممبران اور نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کاروبار اور انسانی حقوق سے متعلق نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے سالانہ ورک پلان، جو این اے پی بی ایچ آر سیکرٹریٹ کے تیار کردہ 69 اعمال پر مشتمل ہے، پر تبادلہ خیال اور اسے حتمی شکل دینے کیلئے بلایا گیا تھا۔ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے کہا کہ اس نیشنل ایکشن پلان میں آٹھ بنیادی موضوعات ہیں جن میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد 5 سالہ ایکشن پلان وضع کئے گئے ہیں۔ ایک مؤثر تجزیہ اور تحقیق سے، ہمیں کاروباری اور صنعتی کام کے ماحول کو انسانی حقوق کی ضروریات کے مطابق سازگار بنانا ہے اور اس کیلئے قانون سازی اور انتظامی طریقہ کار دونوں میں ضروری ترامیم لانا ہوں گی۔ انہوں نے تمام وفاقی اور صوبائی ممبران سے کہا کہ وہ پہلے سے مقررہ ٹائم لائنز کے ساتھ تیزی سے اس منصوبے کے تحت جو ضروری اقدامات ہیں انہیں جلد از جلد اٹھائیں۔

مزیدخبریں