الریاض (اے پی پی)سعودی عرب کی وزارت دفاع نے الریاض میں منعقد ہونے والے عالمی دفاعی شو کے تیسرے روز مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ 7 ارب سعودی ریال (ایک ارب80 کروڑ ڈالر) مالیت کے 10 معاہدوں پر دست خط کیے ہیں۔ان میں سب سے بڑے معاہدے کی مالیت تین ارب سعودی ریال (قریبا 80 کروڑڈالر) ہے۔وزارت دفاع نے جنوبی کوریا کے گروپ ہانوہا کے ساتھ یہ معاہدہ طے کیا ہے۔اس کا مقصد مملکت کی دفاعی صلاحیتوں اور سپلائی چین کو مستحکم بنانا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وزارت نے سعودی عرب کی السلام ایرواسپیس انڈسٹریز کے ساتھ 1.7 ارب سعودی ریال (45 کروڑ30 لاکھ ڈالر) مالیت کے تین معاہدوں طے کیے ہیں۔نیزایرواسپیس انجینئرنگ میں مہارت رکھنے والی سعودی کمپنی جی ڈی سی مڈل ایسٹ کے ساتھ 40 کروڑسعودی ریال (10 کروڑ60 لاکھ ڈالر) مالیت کے معاہدے پر دست خط کیے ہیں۔سعودی عرب کے محکمہ اسلحہ اورگولہ بارود (جنرل ڈیپارٹمنٹ آف ویپنزاینڈ ایکسپلوزیو) نے مختلف اقسام کے گولہ بارود کے حصول کے لیے چینی کارپوریشن اور جنوبی کوریا کی ایک کمپنی کے ساتھ تین معاہدوں پر دست خط کیے ہیں۔