فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) چیئرمین آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن اعجاز احمد ناگرہ نے کہا کہ انرجی ٹیرف میں اضافہ اورخام مال انتہائی مہنگا ہو نے سے پاور لومز انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے ۔دھاگے کی قیمتوں میں بھی بے تحاشا اضافہ ہو گیا ہے فیصل آباد کے پاور لومز مالکان پیداواری نقصان سے بچنے کےلیے فیکٹریاں بند کرنے لگے۔بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے پیداواری لاگت ناقابل برداشت سطح پر پہنچ جانے سے پاور لومز بندش کا شکار ہو رہی ہیں، مزدور انتہائی پریشان ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
ان کا کہنا ہے کہ مہنگی بجلی اور خام مال نے پاور لومز سیکٹر کو تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ اس وقت 30فیصد پاور لومز انڈسٹری مکمل طور پر بند ہو چکی ہے، ڈیڑھ لاکھ سے زائد پر دیسی مزدور اپنے گھروں کو واپس روانہ ہو چکے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر کباڑخانوں کے اندر پاور لومز انڈسٹری توڑ کر بیچی جا رہی ہے۔فیصل آباد میں 24گھنٹے چلنے والی فیکٹریوں کی بندش اور کام کی شفٹیں کم ہونے سے روزانہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور انتہائی پریشان ہیں۔حکومت نے اگر فوری طور پر ان مسائل کی طرف توجہ نہ دی تو حالات کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے۔
پاور لومز انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی : اعجاز احمد ناگرہ
Mar 10, 2023