عدلیہ کے وقار کا خیال رکھیں!


پنجاب اور صوبہ خیبر کی صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل ہوئے چھ ہفتے گزر رہے ہیں آئینی تقاضا ہے کہ اسمبلیاں تحلیل کئے جانے کے نوے دن کے اندر انتخابات کروا دیئے جائیں، یوں اب تک تقریباً نصف مدت گزر چکی ہے مگر ابھی تک دونوں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آ سکی، وفاقی حکومت اور صوبوں میں اسکے نمائندہ گورنر اس ضمن میں مسلسل ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں، عدالت عالیہ لاہور نے الیکشن کمیشن کو مقررہ تاریخ کے اندر پنجاب اسمبلی کے انتخابات کروانے کا حکم جاری کیا مگر اس حکم پر عمل کرنے کی بجائے الیکشن کمیشن اور گورنر نے عدالت عالیہ میں اپیل دائر کر دی جو زیر التوا ہے، اسی طرح کی صورتحال صوبہ خیبر میں بھی در پیش ہے اور وہاں بھی عدالت عالیہ ہی میں معاملہ زیر التوا ہے، اسی دوران صدر مملکت نے اپنی آئینی ذمہ داری سمجھتے ہوئے الیکشن کمیشن کو مشاورت کیلئے تین خطوط لکھے مگر الیکشن کمیشن نے پہلے تو خط کا جواب ہی نہیں دیا اور پھر واضح طور پر صدر مملکت سے اس ضمن میں مشاورت سے انکار کر دیا جس پر صدر مملکت نے خود نوے دن کے آئینی تقاضے کو مد نظر رکھتے ہوئے دونوں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات نو اپریل 2023ءکو کرانے کیلئے تاریخ کا اعلان کر دیا۔ اسی دوران عدالت عظمیٰ کے ایک دو رکنی بنچ نے منصف اعلیٰ کو انتخابات کے معاملہ میں از خود نوٹس لینے کی تجویز پیش کر دی جبکہ قبل ازیں دونوں صوبائی اسمبلیوں کے سپیکر حضرات کی درخواستیں بھی عدالت عظمیٰ کے منصف اعلیٰ کے پاس پہنچ چکی تھیں۔ ان حالات کے پیش نظر منصف اعلیٰ نے معاملہ کا از خود نوٹس لیتے ہوئے، عدالت عظمیٰ کا ایک نو رکنی بنچ تشکیل دیدیا تاکہ آئین میں مقرر شدہ نوے دن کی مدت کے اندر دونوں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے اور آئین کی خلاف ورزی کا راستہ روکا جا سکے مگر سوئے قسمت کہ اس بنچ کے آغاز کار ہی میں بینچ کو متنازعہ بنانے اور معاملہ کو غتر بود کرنے کی کوششیں سامنے آ گئیں۔ جمعرات کے روز جب از خود نوٹس کیس کی سماعت شروع ہوئی تو منصف اعلیٰ عمر عطا بندیال نے وضاحت کی کہ آئین کی دفعہ 224 کےمطابق انتخابات کا انعقاد نوے روز میں لازمی ہے، عدالت کسی طور پر بھی آئین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کریگی، وقت جلدی سے گزر رہا ہے، جب کہ دوسری جانب چونکہ عدالت ہائے عالیہ میں یہ معاملہ زیر التوا تھا اور اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہو پا رہا تھا۔ سماعت کی ابتداءہی میں جسٹس جمال خاں مندوخیل نے منصف اعلیٰ کی جانب سے از خود نوٹس لیے جانے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے رائے دی کہ عدالت کو یہ بھی دیکھنا ہے کہ آئین میں اسمبلیوں کی مدت پانچ برس درج ہے اور لوگوں نے گزشتہ عام انتخابات میں اپنے نمائندوں کو پانچ سال کیلئے منتخب کر کے اسمبلیوں میں بھیجا تھا، عدالت کو یہ بھی دیکھنا ہے کہ آیا وزیر اعلیٰ نے اسمبلی آئین میں رہتے ہوئے تحلیل کی یا کسی سیاسی شخصیت کے کہنے پر توڑی، ممکن ہے عدالت ریکارڈ کے جائزہ کے بعد اس نتیجے پر پہنچے کہ اسمبلی غلط توڑی گئی اور اسمبلی کی بحالی کے فیصلے سے یہ بحران خود ہی ختم ہو جائے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے بھی سوال اٹھایا کہ کیا وزیر اعلیٰ کسی رہنما کے کہنے پر اسمبلی تحلیل کر سکتا ہے ؟ پہلے روز کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل اور تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے بھی بعض نکات عدالت کے سامنے پیش کئے تاہم منصف اعلیٰ نے واضح کیا کہ وقت بہت کم ہے اور عدالت کو تین معاملات کو سننا ہے جبکہ بنچ کے رکن جج صاحبان کی طرف سے اٹھائے گئے سوال بھی عدالتی حکم میں شامل کئے جائینگے۔ جمعرات کو عدالت عظمیٰ کی طرف سے صدر مملکت، دونوں گورنروں، حکمران اتحاد پی ڈی ایم کی جماعتوں اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر کے کارروائی اگلے روز تک ملتوی کر دی گئی!دوسری جانب عدالت سے باہر وزیر اعظم شہباز شریف اور انکی کابینہ کے بعض ارکان نے از خود نوٹس بینچ پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا جبکہ نواز لیگ کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے جلسہ عام میں نام لے لے کر ججوں کو ہدف تنقید بنایا وہ ہر طرح کی الزام تراشی کھلم کھلا کسی لگی لپٹی کے بغیر کرتی رہیں، حکمران نواز لیگ کا تو خیر یہ پرانا طرز عمل ہے کہ وہ عدلیہ اور دوسرے اداروں کو دباﺅ میں لانے کیلئے ہدف تنقید بناتی رہی ہے۔ 2017ءمیں وزارت عظمیٰ سے فراغت کے بعد میاں نواز شریف اور مریم نواز پانچ ججوں پر شدید تنقید کرتے رہے۔ قبل ازیں ملک کی اعلیٰ ترین عدالت پر حملہ آور ہونے کا منفرد اعزاز بھی نواز لیگ ہی کو حاصل ہے حالانکہ خود وزیر اعظم شہباز شریف کی اس وقت کے جسٹس ملک محمد قیوم سے گفتگو کی ٹیپ پیپلز پارٹی کے رہنما مرحوم رحمن ملک منظر عام پر لائے تھے جس میں وہ ملک قیوم کو ہدایت کر رہے تھے کہ بے نظیر بھٹو کو سخت ترین سزا سنائی جائے، جواب میں جسٹس قیوم تعمیل حکم کی یقین دہانی کرا رہے تھے، اس ٹیپ کے انکشاف کے بعد ملک قیوم نے تو عدالت عالیہ سے استعفیٰ دے دیا مگر شہباز شریف آج تک ہر طرح کی جواب دہی سے محفوظ رہتے ہوئے ملک کی وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھال چکے ہیں۔ اس طرح نواز لیگ کا عدالتوں کو ہدف تنقید بنانا اور اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرنا تو پرانی روایت ہے مگر اس دفعہ اس ضمن میں افسوس ناک پیش رفت یہ ہوئی ہے کہ عدالت عظمیٰ کے بنچ کے ارکان میں تقسیم بھی کھل کر سامنے آ رہی ہے جبکہ پاکستان بار کونسل نے بھی عدالت عظمیٰ کے بنچ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ بار کونسل کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عدالت کے سینئر ترین ججوں جسٹس فائز عیسیٰ اور جسٹس طارق مسعود کو بنچ میں شامل نہیں کیا گیا، اعلامیے میں جسٹس مظاہر علی نقوی سے رضا کارانہ طور پر بنچ سے الگ ہو جانے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ جسٹس نقوی کےخلاف ایک وکیل نے سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کر دیا ہے جبکہ پاکستان بار کونسل کی جانب سے بھی جسٹس مظاہر نقوی کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔ اس طرح ایک ناقابل فہم کھچڑی پک رہی ہے شور اتنا ہے کہ کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی۔ نواز لیگ تو پہلے ہی اس ضمن میں خاصی سرگرم رہی ہے، اب پیپلز پارٹی اور حکومتی اتحاد میں شامل دیگر جماعتیں بھی اسی راہ پر گامزن دکھائی دے رہی ہیں اور سب سے زیادہ افسوس ناک امر یہ ہے کہ خود اعلیٰ عدلیہ کی صفوں میں انتشار اور باہمی اختلاف ابھر کر سامنے آ رہا ہے جبکہ بار کے ارکان کی باہمی تقسیم اور گروہ بندی بھی نمایاں ہے۔ تکلیف دہ حقیقت یہ ہے کہ وطن عزیز کے تمام اہم اور آئینی ادارے اس وقت متنازع ہو چکے ہیں، عدلیہ بھی اگرچہ اس سے کبھی محفوظ نہیں رہی مگر جس طرح سر عام اس وقت اس معزز ادارے کی بھد اڑائی جا رہی ہے، ماضی میں اسکی مثال مشکل ہی سے ملتی ہے۔ خدارا ہمارے سیاست دان، ماہرین آئین و قانون اور اعلیٰ عدلیہ سے وابستہ جج صاحبان ذرا سنجیدگی اختیار کریں اور ٹھنڈے دل و دماغ کے ساتھ سوچیں کہ وہ ملک و قوم کو کس دلدل میں دھکیل رہے ہیں؟ ملک کی اعلیٰ عدلیہ اب تک عوام کی امیدوں کا مرکز رہی ہے خدارا، اس کی عزت اور وقار خاک میں نہ ملائیں۔

ای پیپر دی نیشن