لاہور (نیوز رپورٹر) محکمہ بجلی واپڈا کے ہزاروں کارکنوں نے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ محکمہ بجلی کے کارکنوں کی شدید کمی کی وجہ سے کام پر المناک حادثات روکنے کیلئے چھ سال سے خالی آسامیوں پر بھرتی کی پابندی ختم کرائیں ۔کارکنوں نے مطالبات کے حق میں قومی پرحم اور بینرز اٹھا رکھے تھے ۔کارکنوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ منافع بخش تھرمل پاور ہاؤس اور بجلی کی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو آئی ایم ایف کے دباؤ پر نجکاری کی بجائے ان کی کارکردگی میں اضافہ کرائیں جبکہ ماضی میں ملتان اور راولپنڈی پرائیویٹ بجلی کی کمپنیوں کا تجربہ ناکام ہو گیا ہے ۔مظاہرین نے حکومت کو واضح کہا کہ نجی تھرمل پاور ہاؤسوں کی بجلی کی قیمت ڈالروں میں ادا ہونے کی وجہ سے بجلی کے نرخوں میں بے نپاہ اضافہ کے ساتھ ساتھ محکمہ بجلی کا قرضہ بڑھ رہا ہے ۔