پنجاب پولیس شہدائ‘غازیوں کی خدمات فراموش نہیں کریگی:آئی جی 

Mar 10, 2023


لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پرفرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پنجاب پولیس کے شہداء اورغازیوں کی لازوال قربانیوں کے اعتراف میں خصوصی اقدامات جاری ہیں اور اسی سلسلے میں پنجاب پولیس کے شہداء کو گولڈ میڈلز جبکہ غازیوں کی سلور میڈلز سے عزت افزائی کا پروگرام بھی شروع ہوگیا ہے۔ لاہور پولیس کے شہداء اور غازیوں کے اعزاز میں خصوصی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد کی گئی۔ شہداء کے لواحقین اور غازیوں کومیڈلز سے نوازا گیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کے شہداء اور غازیوں نے اپنی جانوں اور لہو سے قوم کے مستقبل کو محفوظ بنایا ہے۔ یہ بہادر سپوت پوری قوم کے ہیروز ہیں اور پنجاب پولیس اپنے ان بہادر شہداء اور غازیوں کی لازوال خدمات کو کبھی فراموش نہیں کریگی۔شہداء کی فیملیز کی عزت و تکریم میں اضافے اور غازیوں کی بحالی اور مشکلات کے ازالے کیلئے ترجیحی اقدامات جاری رہیں گے، شہداء کے بچوں کومعیاری تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم کیلئے متعدد اداروں کیساتھ ایم او یوز کئے گئے ہیں جبکہ غازیوں کی ویلفیئر کیلئے ٹرانسفر پوسٹنگ میں انکی مرضی کے مطابق علاج معالجے کی ہر سہولت فراہم کی جارہی ہے۔مزید برآں 36ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس میں شامل زیر تربیت افسران نے سنٹرل پولیس آفس کا مطالعاتی دورہ کیا۔

مزیدخبریں