لاہور؍ نوائے وقت (عیشہ پیرزادہ+ میگزین رپورٹ) پورے ملک میں ایک دن ایک جنرل الیکشن ہونا چاہیے۔ جزوی الیکشن خانہ جنگی کا فساد کا باعث بنے گا۔ پاکستان مافیاز کے ہاتھوں یرغمال ہے۔ میرے پاس سابق جرنیلوں، سیاسی لیڈرز سمیت 18 لوگوں کی فہرست موجود ہے جن کے اکاؤنٹس میں 4 ہزار ارب موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے نوائے وقت کیساتھ اپنی رہائش گاہ پر خصوصی انٹرویو کے دوران کیا۔ سراج الحق کا کہنا ہے ملک کا عدالتی نظام مکمل طور پر فلاپ ہوچکا۔ عمران خان نے جنہیں پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہا اسے ہی پارٹی کا صدر بنا دیا۔ عوام نے سب کو آزما لیا اب وقت ہے کہ قوم جماعت اسلامی کی بہترین تدابیر اور حالات بدلنے کی ٹھوس منصوبہ بندی سے فائدہ اٹھالے۔ ثاقب نثار انصاف مہیا کرنے کا اپنا کام کرنے کی بجائے باقی سارے کام کرگئے۔ اسٹیبلشمنٹ کو غیر جانبدار رہنا چاہیے۔ امیر جماعت اسلامی کا خصوصی تفصیلی انٹرویو نوائے وقت ایڈیشن میں جلد شائع ہو گا۔
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے عوام سے من و سلویٰ کے وعدے کر کے ایک وقت کی دال روٹی تک چھین لی، حکمران ٹرائیکا کی ناکامی اور نااہلی پوری قوم پر عیاں ہو گئی۔ تینوں کا عرصہ اقتدار تعمیر کی بجائے تخریب میں صرف ہوا۔ آج معیشت دیوالیہ، ادارے کمزور اور ملک مہنگائی کے ساتھ ساتھ بدامنی کی لپیٹ میں بھی ہے۔ حالات کی ذمہ دار حکمران جماعتیں ہیں۔ آج عدلیہ، الیکشن کمشن اور نیب پر عوام کا اعتماد ختم ہو گیا۔ اسٹیبلشمنٹ کے بارے میں ہر جلسے میں باتیں ہوتی ہیں، صرف عوام کا ادارہ بچا ہے جس سے فیصلہ لینا ہو گا۔ جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ استحکام کی خاطر پورے ملک میں بیک وقت انتخابات ضروری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت آج کوئٹہ روانہ ہوں گے جہاں وہ ’’گوادر کو حق دو‘‘ تحریک کے رہنما مولانا ہدایت الرحمن اور ان کے ساتھیوں کی رہائی اور گوادر کے مقامی رہایشیوں کے حقوق کے لیے صوبائی دارالحکومت میں احتجاجی دھرنا میں شرکت اور خطاب کریں گے۔ امیر جماعت نے الیکشن کمشن سے سوال کیا کہ بتایا جائے کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات مکمل کیوں نہیں کیے جاتے؟۔
ملک مافیاز کے ہاتھوں یرغمال، جزوی الیکشن سے خانہ جنگی ہوگی: سراج الحق
Mar 10, 2023