نام نہاد گورنر کا بیان بے بنیاد ، جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ تھانہ ہے : دفتر خارجہ 

Mar 10, 2023

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے گورنر کا بیان جو خطے کے امن اور استحکام کیلئے مستقل خطرہ ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ نام نہاد گورنر نے بے بنیاد دعویٰ کیا ہے جس سے نہ تو تاریخ کی حقیقت کو تبدیل اور نہ ہی جموں و کشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہونے کی حیثیت کو  ختم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے نہ کبھی تھا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر پر قابض ہے جو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے اور گمراہ کن دعوے کا سہارا لینے کی بجائے بھارت کو متنازعہ علاقے سے اپنا قبضہ ختم کرکے کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق خودارادیت کا ناقابل تنسیخ حق استعمال کرنے کا موقع فراہم کرنا چاہئے۔ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرواتے رہیں گے، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے امیر قطر کی دعوت پر قطر کا اہم دورہ کیا، قطر کانفرنس میں شہباز شریف نے پاکستانی نقطہ  نظر رکھا، وزیر اعظم نے امیر قطر سے ملاقات کرکے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری امریکہ کے اہم دورے پر ہیں،  پاکستان ہمسایہ ملک افغانستان سمیت خطے میں امن کا خواہاں ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر بحرین اور برطانیہ کے اہم دورے کریں گی، حنا ربانی کھر 10 مارچ کو بحرین میں مناما کانفرس میں شرکت کریں گی جبکہ وہ برطانیہ میں کامن ویلتھ فارن منسٹرز کانفرنس میں بھی شریک ہوں گی۔

مزیدخبریں