اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عالم اسلام پر زور دیا ہے کہ وہ انسانیت کے مشترکہ مستقبل کی تعمیر میں قائدانہ کردار ادا کرے جہاں خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کے ذریعے ایک نیا پرامن، خوشحال اور جامع عالمی نظام وضع کیا جاسکے۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں خواتین کی حیثیت کے بارے میں عالمی کمیشن کے اجلاس کے موقع پر پاکستان کی طرف سے منعقدہ کانفرنس ''اسلام میں خواتین'' سے خطاب کے دوران کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد اسلام میں خواتین کی شناخت، کردار اور حقوق کے حوالے سے پائے جانے والے منفی تصورات کو دور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام لوگوں، قوموں اور خواتین کے خلاف ناانصافی سے روکتا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم غیرمسلم ملکوں میں رہنے والی ان لاکھوں خواتین کی حالت زار کو نظرانداز نہیں کرسکتے جن کو مذہبی آزادی سمیت دیگر حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض ممالک میں حجاب پر پابندی خواتین کی آزادی سے انکار اور اسلا م مخالف رجحانات کا نتیجہ ہے۔ دریں اثناء وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جنرل اسمبلی کے صدر اقوام متحدہ کاسا کوروسی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ ملاقات میں پاکستان اور صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی شراکت سے ہونے والی اسلامو فوبیا کے یادگاری دن کے حوالے سے ہونی والی تقریب کے بارے میں بھی بات چیت ہوئی۔ اسلامو فوبیا کے حوالے سے تقریب آج دس مارچ کو جنرل اسمبلی ہال میں منعقد کی جائے گی۔
عالم اسلام انسانیت کے مستقبل کی تعمیر کیلئے قائدانہ کردار ادا کرے : بلاول
Mar 10, 2023