غریبوں کو رمضان سے پہلے مفت آٹا دیا جائے : محسن نقوی 


 لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت  اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران مستحق خاندانوں کو مفت آٹے کی فراہمی کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے  کہا کہ رمضان المبارک کے دوران مفت آٹے کے پیکیج سے مستحق خاندانوں کو حقیقی ریلیف ملے گا۔ محسن نقوی نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل مفت آٹے کی فراہمی شروع کرنے کی ہدایت کی اورکہا کہ صوبے میں مفت آٹے کی فراہمی کیلئے ٹرکنگ پوائنٹس میں اضافہ کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو مفت آٹا پیکیج کے تحت مستحق افراد کیلئے بہترین سسٹم وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا سسٹم بنایا جائے کہ قطاریں نہ لگیں اور لوگوں کو جلدآٹا مل سکے۔ لوگوں کو ریلیف بھی دینا ہے اور قطاروں کی زحمت سے بھی بچانا ہے۔ دوسری جانب  محسن نقوی کی ہدایت پر 9 ہسپتالوں میں دل کے مریضوں کیلئے فوری انجیوگرافی و سٹنٹنگ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے اور دل کے مریضوں کے بروقت علاج کو یقینی بنانے کیلئے فول پروف مانیٹرنگ کا سسٹم تیار کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پرائمری انجیومانیٹرنگ سسٹم پورٹل کو باقاعدہ لانچ کردیا ہے۔ دل کے مریض کی مختصر وقت میں انجیوگرافی و سٹنٹنگ کرکے جان بچائی جاسکے گی۔ ہسپتال پہنچنے پر متعلقہ عملہ ڈیٹا فیڈ کر کے مریض کا فوراً علاج شروع کرے گا۔ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دل کے مریض کی جان بچانے کیلئے فوری طورپر ہسپتال پہنچانا ضروری ہے۔ محسن نقوی نے دیگر ہسپتالوں میں بھی پرائمری انجیو کا دائرہ کار وسیع کرنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لینے کا حکم دیا۔ پہلے مرحلے میں 9سرکاری ہسپتالوں میں دل کے مریض کا فوری اور مفت علا ج ہوگا۔ مریضوں کے لئے ڈرپ اینڈ شفٹ سسٹم لانے کی تجویز زیرغور ہے۔ ہر تحصیل میں ریسکیو1122 کی کارڈیک ایمبولینس مریض کو ہسپتال پہنچائیں گی۔ علاوہ ازیں  محسن نقوی نے خواتین کیلئے سیفٹی ایپ ’’میری آواز‘‘  فنکشنل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔  ہراسانی کا شکار خواتین ’’میری آواز‘‘ کا بٹن دبا کر فوری مدد حاصل کرسکیں گی۔ ہیلپ لائن پر ہراسانی، تشدد اور دیگر ایمرجنسی میں پولیس فوری رسپانس کرے گی۔ ’’میری آواز‘‘ ایپ کو پنجاب بھر میں خواتین کی مدد کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ ’’میری آواز‘‘ استعمال میں آسان ترین ہوگی۔  ایپ پر پنک بٹن دبانے پر قریب ترین پولیس ٹیم چند منٹ میں موقع پر پہنچ جائے گی۔ کمپلینٹ رجسٹریشن فارم کے ذریعے ہنگامی صورتحال کا شکار خاتون کا ڈیٹا خود کار نظام کے تحت متعلقہ تھانے پہنچ جائے گا۔ ایپ کو مکمل طور پر فعال کرنے کیلئے ضروری اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔  محسن نقوی نے آئی جی کمپلینٹ 1787ہیلپ لائن کو بھی خواتین کے تحفظ کیلئے مزید فعال بنانے کی ہدایت کی۔ 

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...