اسلام آباد(خبر نگار خصوصی) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بلوچستان کیلئے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناسمجھ عناصر بلوچستان کے عوام و مسلح افواج کا عزم متزلزل نہیں کر سکتے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گوادر کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف کو فارمیشن کی جانب سے آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو اقتصادی راہداری اور امن کی کوششوں پر بھی بریف کیا گیا۔ جنرل سید عاصم منیر نے افسروں و جوانوں کی کوششوں کو سراہا۔ اپنے دورے کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صحت اور کھیلوں سے متعلق منصوبوں کا اعلان کیا جبکہ آرمی چیف نے مختلف فلاحی منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان میں تعلیم، سولر سسٹم، ماہی گیری سے متعلق منصوبے شامل ہیں جبکہ آرمی چیف نے علاقہ کی اقتصادی ترقی پر بھی زور دیا۔ آرمی چیف نے گوادر کے منتخب نمائندوں اور عمائدین سے بھی ملاقات کی۔ جبکہ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان، کور کمانڈر کوئٹہ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا ہے کہ ناسمجھ عناصر بلوچستان کے عوام اور مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، مسلح افواج اور بلوچستان کی عوام ترقی اور خوشحالی کے لیے پرعزم ہیں۔ جنرل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں مزید کہا ہے کہ عوام کی بہتری کیلئے پیشہ ورانہ عزم کے ساتھ کوششیں جاری رکھی جائیں۔ جنرل عاصم منیر نے مقامی معززین، منتخب نمائندوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے بات چیت کی۔ آرمی چیف نے کہا کہ مٹھی بھر گمراہ عناصر بلوچستان کے عوام اور مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، امن اور خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ آرمی چیف نے تعلیم، سولر سسٹم کی تنصیب، ماہی گیری، پانی، صحت، کھیل اور معاش سے متعلق فلاحی منصوبوں کا اعلان کیا۔
ناسمجھ عناصر بلوچستان کے عوام اور فوج کا عزم متزلزل نہیں کرسکتے : آرمی چیف
Mar 10, 2023