اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے ممبر قومی اسمبلی شکور شاد کی استعفی منظوری کے خلاف درخواست میں پٹیشنر کوسپیکر اسمبلی کو استعفیٰ کے اصل نہ ہونے سے متعلق دی جانے والی درخواست ریکارڈ پر لانے کی ہدایت کردی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران درخواستگزار کے وکیل عرفان ناصر چیمہ،وفاق کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عظمت بشیر تارڑ، سید احسن رضا کاظمی اورقومی اسمبلی کی جانب سے حق نواز جدون عدالت میں پیش ہوئے،درخواستگزار وکیل نے کہاکہ میرا کیس باقی کیسز سے مختلف ہے، میرے موکل نے استعفیٰ نہیں دیا،میرے موکل کو اجلاس اٹینڈ کرنے سے روکا جا رہا ہے، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عظمت بشیر تارڑ نے کہاکہ 27 فروری کو سپیکر نے انہیں بلایا،انہوں نے ضمنی الیکشن کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، سپیکر کے مطابق ان کا استعفیٰ اصل ہے اور وہ منظور ہوا ہے، چیف جسٹس نے کہاکہ استعفے تو معطل ہو چکے ہیں پھر توہین عدالت کیوں کر رہے ہیں، عدالت نے مذکورہ بالا ہدایات کے ساتھ کیس کی مزید سماعت 31 مارچ تک کیلئے ملتوی کردی۔
چیف جسٹس