زبیر احمد کے اغوا کی مذمت‘ موجودہ دور میں لاپتہ افراد بڑھ رہے: پرویزالٰہی 


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی سے سابق ارکان اسمبلی اور سیاسی رہنمائوں نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سابق صوبائی وزیر محمد بشارت راجہ‘ میاں شفیع محمد‘ سلیم بریار‘ جی ایم سکندر اور دیگر بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے سابق چیئرمین شکایت سیل زبیر احمد خان کے اغوا کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہبازشریف کے دور میں لاپتہ افراد کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے۔ لوگوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قریبی ساتھیوں کو بلاوجہ غیرقانونی طورپر نامعلوم افراد گھروں سے اغوا کر رہے ہیں۔ سابق چیئرمین شکایت سیل زبیر احمد خان کو گزشتہ روز گھر کے باہر سے فیملی کے سامنے اغوا کر لیا گیا۔ فیملی کو ہراساں کرنے کیساتھ ساتھ دھمکایا بھی گیا۔ انہوں نے کہا کہ زبیر احمد خان نے سیلاب کے دوران پاکستان آرمی کے ساتھ مل کر ترکیہ کی جانب سے قائم ترکش سوسائٹی کے ساتھ مل کر شانہ بشانہ کام کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ نااہل حکمران زیادتیوں کی انتہا کئے جا رہے ہیں۔ وفاقی اور نگران پنجاب حکومت نے ظلم کی انتہا کردی ہے۔ محمد بشارت راجہ‘ میاں شفیع محمد اور سلیم بریار نے بھی زبیر خان کے اغوا کی مذمت کی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی غیرقانونی گرفتاریوں کی مذمت کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن