لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ بہت جلد قانون کے شکنجے میں ہوں گے اور اپنے انجام کو پہنچیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ سے سابق صوبائی وزیر محمد بشارت راجہ، سیاسی رہنما چوہدری نعیم الدین وڑائچ، چوہدری وسیم الدین وڑائچ اور چوہدری اعجاز احمد وڑائچ کی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں پرویزالہیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں 8 مارچ کو زمان پارک میں نگران وزیر اعلیٰ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی خونی تاریخ دہرائی ہے. اس خونریزی کا حساب نگران وزیر اعلیٰ کو ہر صورت میں دینا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ سانحہ ماڈل ٹاؤن، سانحہ 25 مئی اور سانحہ زمان پارک میں براہ راست ملوث ہیں. وفاقی وزیر داخلہ بہت جلد قانون کے شکنجے میں ہوں گے اور اپنے انجام کو پہنچیں گے۔سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ آئینی طور پر کوئی ادارہ الیکشن میں تعاون سے انکار نہیں کر سکتا. کوئی سرکاری ادارہ الیکشن میں تعاون سے انکار کرے گا تو ذمہ دار براہ راست وزیراعظم شہبازشریف ہوں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ بہت جلد قانون کے شکنجے میں ہوں گے اور اپنے انجام کو پہنچیں گے
— Ch Parvez Elahi (@ChParvezElahi) March 10, 2023
چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہو چکا ہے. شہبازشریف اگر سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد میں رکاوٹ بنیں گے تو یوسف رضا گیلانی کی طرح گھر جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے بعد پنجاب میں انشاء اللہ عمران خان کی حکومت دوبارہ قائم ہونے میں اب کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہی۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملکی تاریخ میں یہ پی ڈی ایم کی حکومت پہلی حکومت ہے جو الیکشن سے بری طرح خوفزدہ ہے۔پرویز الہیٰ نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم الیکشن سے فرار کے حیلے بہانے کر کے عملی طور پر اپنی شکست تسلیم کر چکی ہے۔