بڑی سیاسی شخصیت کے ایماء پر قتل کیا جا سکتا ہوں ‘ شیر افضل : ثبوت دیں ‘ عطا تارڑ 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ)  پاکستان تحریک انصاف  کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں کسی بھی وقت قتل کیا جا  سکتا ہے۔  پارلیمنٹ ہائوس کے باہر پی ٹی ائی رہنماوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا کہ ملک کی ایک بڑی سیاسی شخصیت نے بھارتی شہری جندال کے ذریعے اْن کے قتل کا منصوبہ بنایا ہے۔  انہوں نے کہا کہ انہیں کسی بھی وقت کہیں بھی قتل کیا جا  سکتا ہے،  دبئی میں اجرتی قاتلوں کو میرے قتل کے لیے ایک لاکھ ڈالر کی ادائیگی کر  دی گئی ہے۔  دریں اثناء شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ مینڈیٹ واپس کریں تو ن لیگ اور پی پی کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں۔ شہباز شریف کی طرح آصف زرداری بھی جعلی صدر ہوں گے۔ عارف علوی کا دور مکمل ہو چکا۔ اللہ انہیں خوش رکھے۔ سپیکر صاحب کو غلط ایڈوائس دی جارہی ہے۔ ایاز صادق غیرذمہ دارانہ بیان کیسے دے سکتے ہیں۔ سپیکر کے بیان کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرائی ہے، کہا تحصیلدار کے سامنے سگریٹ نہیں پیتا، مقدس ایوان میں کیسے پی سکتا ہوں۔ سوشل میڈیا ایپ پر کسی نے میرے ایوان میں سگریٹ پینے کا شوشہ چھوڑا۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے شیر افضل مروت کے بیان سے متعلق سنجیدگی سے مشاورت جاری ہے۔ وہ اپنے ثبوت ایف آئی اے میں پیش کریں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا شیر افضل مروت نے بغیر کسی ثبوت کے وزیراعلیٰ پنجاب پر الزامات عائد کیے۔

ای پیپر دی نیشن