اسلام آباد (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) رہنما متحدہ قومی موومنٹ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ حالات بتائیں گے کہ ہم پیپلز پارٹی کے ساتھ چلیں گے یا نہیں۔صدارتی انتخاب کے لیے قومی اسمبلی آمد کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ ہمارے ارکان عشائیے میں گئے تھے، میں نہیں گیا۔ صحافی نے استفسار کیا کہ کس معاہدے کے ساتھ ووٹ دیئے ہیں؟ جواب میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ دعائوں کے ساتھ، اس امید کے ساتھ کہ حکمران تمام پاکستانیوں کو برابر سمجھیں گے۔ مزید برآں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار نے پی پی کی یقین دہانی پر کہا ہے کہ وعدے پورے نہ ہوئے تو وہ وفادار نہیں تو ہم بھی پھر دلدار نہیں۔ کراچی میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں خواجہ اظہار نے کہا کہ ہماری امیدیں بھی ہیں اور ماضی میں مایوسی بھی ملی لیکن مطالبات اور شکایت ایک دم سے دور نہیں ہوسکتے۔ ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ بلاول نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ وہ وعدے پورے کریں گے، اگر وعدے پورے نہ ہوئے تو وہ وفادار نہیں تو ہم بھی پھر دلدار نہیں۔ اس موقع پر امین الحق کا کہنا تھاکہ آصف زرداری نے پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لیے ہمیشہ کام کیا۔
حالات بتائیں گے پی پی کیساتھ چلنا ہے یا نہیں، بلاول نے وعدے پورے کرنے کا یقین دلایا: متحدہ
Mar 10, 2024