اتحادی جماعتیں ملکر ملکی خوشحالی کیلئے کام کرینگی، شہباز شریف، زرداری سے ملاقات، مبارکباد دی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی صدر پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی  زرداری  کو دوسری مرتبہ صدرِ پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے ۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ قومی اسمبلی سینٹ اور چاروں صوبوں کے منتخب ارکان نے آصف علی زرداری پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ صدر آصف علی زرداری وفاق کی مضبوطی کی علامت ہونگے۔ امید ہے بطور صدر پاکستان آصف علی زرداری اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں گے۔ آصف علی زرداری کا بطور صدر پاکستان انتخاب جمہوری اقدار کا تسلسل ہے۔ اتحادی جماعتیں مل کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے محنت کریں گی۔ دریں اثناء وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ان کے چیمبر میں  ملاقات کی۔ جس میں وزیرِ اعظم نے سردار ایاز صادق کو ایوان کی کارروائی احسن انداز سے چلانے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں کا قانون سازی و پارلیمانی امور کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ ملاقات صدارتی انتخابات میں ووٹنگ سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے سپیکر ایاز صادق کے چیمبر میں جا کر ان سے کی۔ جس میں مسلم لیگ ن کے حوالے سے بھی اہم امور پر گفتگو کی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں نو منتخب صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور آصف علی زرداری کو دوسری  مرتبہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے صدر آصف علی زرداری کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کا صدارتی الیکشن میں حمایت پر شکریہ ادا کیا۔دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف نے ان عالمی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے انہیں وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔  سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر متعدد پوسٹ میں انہوں نے بطور وزیر اعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد کے پیغام پر روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا تہہ دل سے شکریہ ادا  کیا۔  انہوں نے پاکستان کے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکبادی خط پر کرغزستان کے صدر صدیر زاپروف کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے فلسطینی صدر محمود عباس کی جانب سے مبارکباد کے پیغام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔  وزیراعظم نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کا ہمیشہ پاکستان کا مخلص دوست رہنے پر شکریہ ادا کیا۔  انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مضبوط تعلقات کے قیام کے خواہاں  ہیں۔  شہباز شریف نے دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دینے پر آذربائیجان، ازبکستان، قازقستان اور ترکمانستان کے رہنماؤں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن