اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملک کی مسلح افواج تمام خطرات کے خلاف قوم کی حمایت سے مادر وطن کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کا دفاع کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ مسلح افواج کو دشمن کی کسی مہم جوئی کے خلاف ہر وقت تیار چاہیے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے رحیم یار خان کے قریب فیلڈ ایکسر سائز کا دورہ کیا۔ انہوں نے مشق میں شریک فوجیوں کے ساتھ دن گزارا، فیلڈ ایریا میں پہنچنے پرکور کمانڈر کراچی اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ آرمی چیف کو شمشیرِ صحرا مشق کے بارے میں بریف کیا گیا۔ آرمی چیف نے جوانوں سے بات چیت میں تربیتی معیارات، آپریشنل تیاریوں اور تمام رینک کے اعلیٰ حوصلے کی تعریف کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا مقصد چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشہ ورانہ مہارتوں اور میدان جنگ کے طریقے کار میں اضافہ کرنا تھا، مشق میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھی حصہ لیا، مشق میں الیکٹرانک وارفیئر کی صلاحیتوں اور وارفیئر آپریشنز کو بھی شامل کیا گیا۔ آرمی چیف نے آرمرز، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس، اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل اور دیگر کے مربوط فائر اور جنگی مشقوں کا مشاہدہ کیا۔ اس مشق کا مقصد پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ اور آپریشنل ماحول میں مستقبل کے چیلنجز سے نبٹنے کے لیے میدان جنگ کے لیے ضروری طریقہ کار کو بہتر بنانا ہے۔
مسلح افواج قوم کی حمایت سے علاقائی سالمیت، خودمختاری کے دفاع کیلئے مکمل تیار: آرمی چیف
Mar 10, 2024