جماعت اسلامی نے چوری شدہ انتخابی عمل کو عملاً مسترد کر دیا :لیاقت بلوچ

لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) نائب امیر جماعت اسلامی اور مرکزی الیکشن سیل چیئرمین لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے ممبران صوبائی اسمبلی اور سینیٹ ممبر نے صدارتی انتخاب میں ووٹ کا حق استعمال نہیں کیا۔ دھاندلی زدہ اور چوری شدہ انتخابی عمل کو عملاً مسترد کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی، پختونخوا عوامی ملی پارٹی نے دھاندلی زدہ انتخاب کے جائز احتجاج کو جعلی انتخابی عمل میں حصہ لے کر ادھ موا کر دیا ہے۔ آئین، جمہوریت، انتخابات کی حفاظت کیلئے سیاسی جمہوری قوتوں کو ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر ملک کو سیاسی، آئینی اور اقتصادی بحرانوں سے نکالنے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ اقتدار حاصل کرنے کیلئے سٹیبلشمنٹ کا سہولت کار بننے سے انکار ہی آئین، قانون اور جمہوریت کی بالادستی لائے گا۔ سیاست میں فساد اور باہمی شدت پسندی کی بازاری عیاشی کا ملک متحمل نہیں ہو سکتا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ 10 مارچ کو اسلام آباد میں غزہ پر اسرائیلی ظالمانہ وحشیانہ اور انسانیت کشی کے حملوں اورعالمی اداروں، عالم اسلام کی قیادت بے حسی کے خلاف احتجاج ہو گا۔ اسلام آباد میں غزہ مارچ پوری دنیا میں احتجاج اور بیداری کی نئی لہر پیدا کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن