لاہور ( خصوصی نامہ نگار )پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ تاجر دوکاندار رمضان المبارک کے احترام میں ناجائز منافع خوری ترک کر دیں۔ رمضان المبارک میں پھل، سبزیوں اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ناجائز اضافہ اللہ کو ناراض کرنے کا سبب ہے۔ دنیا کے معمولی فائدہ کیلئے اپنی عاقبت خراب نہ کریں اور مخلوقِ خدا کو تکلیف میں مبتلا نہ کریں۔ مہنگائی اور گرانی نے عام آدمی کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ اگر ناجائز منافع خوری کی وجہ سے کوئی روزہ دار پیٹ بھر کر کھانا نہ کھا سکا یا روزہ نہ رکھ سکا تو اس کا عذاب ناجائز منافع خوروں کو ہو گا۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ اللہ رب العزت نے ہمیں زندگی میں باردگر رمضان المبارک کی برکتیں سمیٹنے کی توفیق عطا کی ہے اس توفیق اور نعمت کا بہترین شکریہ ہے کہ ہر صاحب استطاعت مخلوق خدا کو فائدہ پہنچائے اور ناحق کسی کو تنگ نہ کرے۔ مہنگائی کنٹرول کرنا اور ناجائز منافع خوروں پر ہاتھ ڈالنا شاید حکومت کے فرائض میں شامل نہیں ہے اسی لئے ناجائز منافع خوری سالہا سال ہوتی ہے۔