لاہور( کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے پنجاب کابینہ میں شامل ہونیوالے وزراء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تاجرو ں کے دیرینہ مسائل کے حل اور موثر رابطوں کیلئے با اختیار فوکل پرسن مقرر کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے اقدامات کی ہدایت قابل ستائش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محبوب سرکی، محمد شہزادبھٹی،نعیم بادشاہ ،ظہیر اے بابر، حافظ عطا الرحمان جٹ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ پنجاب کابینہ میں خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر اور مجتبیٰ شجاع الرحمن جیسے منجھے ہوئے وزراء کو شامل کرنا قابل ستائش ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ پنجاب حکومت تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔ کوشش ہو گی کہ جلد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات ہو جائے جس میں انہیں پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے مطالبے سمیت تاجروں کے دیرینہ مسائل سے آگاہ کریں گے۔