زرداری ایوانِ صدر کو سب سے پہلے غسلِ جمہوریت دیں گے، عرفان صدیقی

Mar 10, 2024

 اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ نومنتخب صدر آصف علی زرداری ایوانِ صدر جانے کے بعد سب سے پہلے اْسے غسلِ جمہوریت دیں گے کیونکہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے صدر عارف علوی نے ساڑھے پانچ سال کے دوران جمہوری روایات اور آئینی تقاضوں کو بْری طرح کچلا اور ایوانِ صدر کے تقدس کو پامال کیایہ بات انہوں نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر اخبارنویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس سوال کے جواب میں کہا کہ صدر زرداری منصب سنبھالنے کے بعد پہلا کام کیا کریں گے؟ سینیٹرعرفان صدیقی نے مزید کہا کہ صدر فضل الہٰی چوہدری، صدرفاروق لغاری، صدررفیق تارڑ، صدر ممنون حسین اور صدر آصف علی زرداری سب کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے تھا لیکن اْنہوں نے ایوانِ صدر کو جماعتی مفادات سے آلودہ نہیں کیا لیکن صدرعلوی نے ایوانِ صدر کو بنی گالہ اور زمان پارک بنائے رکھا سینیٹر عرفان صدیقی نے توقع ظاہر کی کہ صدر زرداری جمہوری روایات کو مستحکم کریں گے اور ملک کو سیاسی انتشار سے بچانے کے لئے نہایت تعمیری کردار ادا کر یں گے ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے اس وقت سیاسی خیر سگالی کا مظاہرہ کیا جب وہ قومی اسمبلی ہال میں منعقدہ صدارتی الیکشن میں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد سیدھے سنی اتحاد کونسل کے نامزد صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کے پاس گئے اور ان سے مصافحہ کیا۔ اچکزئی نہایت گرم جوشی سے سینیٹر عرفان صدیقی سے ملے۔ دونوں راہنما کافی دیر ایک ساتھ کھڑے گفتگو کرتے رہے۔

مزیدخبریں