پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں بابراعظم کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔ پی ایس ایل کے رواں سیزن میں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے 8 اننگز میں 154.57 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 447 رنز کا پہاڑ کھڑا کر رکھا ہے، جس میں ایک سنچری اور 4 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاور پلے کے دوران بابراعظم کی بیٹنگ میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، اس دوران ان کے سٹرائیک ریٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ پی ایس ایل 9 میں پاور پلے کے اندر پشاور زلمی کے کپتان نے 160 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ سے مجموعی طور پر 213 رنز بنائے۔ پاور پلے کے دوران بابراعظم نے محض ایک مرتبہ وکٹ گنوائی جو رن آؤٹ کی صورت میں اسلام آباد یونائیٹد نے گزشتہ میچ میں حاصل کی تھی، اس کے علاوہ پورے ٹورنامنٹ میں پاور پلے کے دوران کوئی بھی گیند باز انہیں آؤٹ کرنے میں کامیاب نہیں ہوا۔ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں بھی بابراعظم نے 176 کے متاثر کن اسٹرائیک ریٹ کیساتھ 53 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
پی ایس ایل 9، بابراعظم کی پاور پلے میں کارکردگی نے ناقدین کے منہ بند کر دیئے
Mar 10, 2024 | 13:58