راولپنڈی (جنرل رپورٹر) سماجی کارکن، پیپلز پارٹی پی وائی اوکے سابقہ انفارمیشن سیکرٹری اور آئی ڈی سی جنرل سیکرٹری فدا عباس زیدی کی بازیابی کیلئے ملی تنظیموں اور مقامی ماتمی دستوں کی طرف سے پریس کلب کے سامنے پر امن احتجاج کیا گیا جس کی قیادت شیعہ علما کونسل اور مجلس وحدت المسلمین کے رہنمائوں نے کی۔ فدا عباس زیدی کے خاندان سے اظہار یکجہتی کرنے کے لیے حسینی عزادار کائونسل، مرکزی ماتمی سنگت اور حماد گروپ سمیت سینکڑوں افر اد،بز رگ، خواتین اور بچے مظاہرے میں شریک تھے۔شرکا نے مطالبہ کیا کہ جب تک سی پی او راولپنڈی نہیں آجاتے اور ہمیں ہمارے لاپتہ بھائی فدا عباس کے بارے میں نہیں بتایا جاتا ہم رات تک دھرنا دئے بیٹھے ہیں جس کے باعث ڈی ایس پی سردار بابر موقع پر آئے اور مظاہرین سے بات کی بعد ازاں احتجاجی مظاہرین نے سی پی او کی جانب سے 11مارچ بروز سوموار کو 7رکنی مظاہرین کی ٹیم سے ملنے پر احتجاجی مظاہرہ ختم کردیا ۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ وحدت علمائے پاکستان، مولاناوزیر حسین کاظمی ،سعید رضوی، ، زاہد جعفری نے کہا کہ اگر 11مارچ براوز سوموار کو سی پی او راولپنڈی کی جانب سے خاطر خواہ جواب نہ دیا گیا تو ہم پھر مظاہرین کے ہمراہ سڑکوں پر ہونگے ۔ہم کسی قانون شکنی کے حامی نہیں۔ملکی سلامتی یا آئینِ پاکستان سے روگردانی کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے ۔