ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے پیرمحل کے گاؤں تین سوبتیس گ ب میں رات کے وقت آٹھ ڈاکو دو کاروں میں سوار ہو کر آئے اورانہوں نے محمد یعقوب نامی شخص کے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنا لیا اور لاکھوں کا سامان لوٹ لیا ۔ اس کے بعد یہ ڈاکو اسی گاؤں کے ایک اور رہائشی اللہ دتہ کے گھر داخل ہوئے اورلوٹ مار شروع کر دی ۔ اہلخانہ کی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کی جس کی زد میں آ کر اللہ دتہ ،اسکی بیوی منظوربی بی ، بیٹے شہباز اورندیم شدید زخمی ہوگئے ۔ فائرنگ کی آواز سن کرگاؤں والے بھی اسلحہ لے کراکٹھے ہو گئے اور انہوں نےگھیرا ڈال کر سات ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا جبکہ ڈاکوؤں کا آٹھواں ساتھی شدید زخمی حالت میں پکڑ لیا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص پروفیسراسد جاوید بھی شدید زخمی ہوا ۔ مشتعل دیہاتیوں نے ڈاکوؤں کی کاروں کو ڈنڈے اورپتھربرسا کر مکمل طور پرتباہ کردیا ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ رانا احمد حسن پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پرپہنچ گئے اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کرکے تفتیش شروع کر دی ۔