وزیراعلی خیبرپختونخوا امیر حیدرخان ہوتی نے مردان شہر کے ڈرینیج اور سیوریج سسٹم کیلئے چارکروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا ہے۔

May 10, 2010 | 23:23

سفیر یاؤ جنگ
یہ اعلان انہوں نے اپنے آبائی شہرمردان کے دورے کے موقع پر کیا۔ وزیراعلی امیرحیدر خان ہوتی نے شہر کے مختلف بازاروں سے ہٹائے گئی تجاوزات کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ نکاسی آب کے نظام کو درست کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات نے شہر کا حلیہ بگاڑ دیا تھا اور اس سے ٹریفک کے نظام میں بھی خلل پڑ رہا تھا۔ وزیراعلی نے کہا کہ مردان شہر کی خوبصورتی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ اس موقع پر وزیراعلی امیر حیدرخان ہوتی نے پارہوتی، شمسی روڈ مختلف سڑکوں، پلوں اور دیگر ترقیاتی کاموں کا بھی معائنہ کیا اور لوگوں سے کہا کہ وہ ترقیاتی کاموں کے معیار پر کڑی نگاہ رکھیں۔ بعد ازاں وزیراعلی خیبرپختونخوا نے مردان میڈیکل سینٹر کا بھی دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف وارڈز میں زیرعلاج مریضوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال میں الیکٹرک واٹر کولرز کی فوری تنصیب کا بھی حکم دیا۔
مزیدخبریں