زاہد حامد کیخلاف درخواست الیکشن کمشن کے سپرد، صادق میمن، غلام حیدر نااہل قرار

زاہد حامد کیخلاف درخواست الیکشن کمشن کے سپرد، صادق میمن، غلام حیدر نااہل قرار

May 10, 2013

لاہور/کراچی/اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے این اے 114سیالکوٹ سے امیدوار وسابق وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کی درخواست نمٹاتے ہوئے معاملہ الیکشن کمشن کو بھجوا دیا۔ فاضل عدالت نے قرار دیا امیدوار پر آمرانہ دور میں کئے گئے غیر آئینی اقدامات میں معاونت کا الزام ہے جس میں باقاعدہ شہادتوں کے ذریعے طریقہ سماعت اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ اس لئے یہ معاملہ رٹ درخواست کی بجائے الیکشن کمشن میں ہی طے ہو سکتا ہے۔ فاضل عدالت نے مزید قرار دیا الیکشن میں صرف ایک دن باقی ہے لہٰذا یہ کیس ناقابل سماعت ہے۔ درخواست گزار احسن عباس نے درخواست میں اختیار کیا زاہد حامد مشرف حکومت میں وزیر قانون تھے اور حکومت کی طرف سے کئے گئے غیر آئینی اقدامات میں برابر کے ذمہ دار ہیں۔ پشاور ہائیکورٹ کے لارجر بنچ کے فیصلہ کے مطابق 3 نومبر 2007ءکا اقدام غداری کے زمرے میں آتا ہے اس اقدام میں شریک تمام افراد کا آرٹیکل 6 کے تحت ٹرائل ہونا چاہئے اور آرٹیکل (2)6 کے تحت غداری کے مرتکب افراد کی معاونت کرنے والا بھی اس کے جرم میں برابر کا شریک ہوتا ہے اور اس کو بھی وہی سزا ملنی چاہئے۔مزید براں سندھ ہائیکورٹ نے این اے 237 ٹھٹھہ سے پیپلزپارٹی کے امیدوار صادق میمن کو نااہل قرار دیدیا عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا صادق میمن نے دوہری شہریت چھپائی وہ صادق اور امین نہیں رہے جبکہ سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پی پی 266 لیہ سے مسلم لیگ (ن)کے امیدوار غلام حیدر تھندکو نااہل قرار دےدیا، چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کلثوم خالد نامی خاتون کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا غلام حیدر تھند جو پنجاب سوشل سکیورٹی کا 85 لاکھ روپے کا مقروض ہے اس لئے اسے نااہل قرار دیا جائے ۔ اس سے قبل کلثوم خالد نے ان کی نااہلی کیلئے الیکشن ٹربیونل میں بھی درخواست دائر کی تھی جس پر ان کو نااہل قرار دیا گیا تھا جس کے بعد غلام حیدر نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس پر لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دےدیا تھا۔ اب سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے غلام حیدر کو نااہل قرار دےدیا ہے۔
نااہل/ہائیکورٹ/سپریم کورٹ

مزیدخبریں