پاک فوج کے حق میں ریلیاں جاری، کشمیریوں نے یوم اظہار یکجہتی منایا

لاہور+ مظفر آباد (خصوصی نامہ نگار+ نمائندگان+ این این آئی) پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور سمیت کئی شہروں میں گذشتہ روز بھی ریلیاں نکالی گئیں اور پاک فوج کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی، سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے 3 روزہ ’’استحکام پاکستان مہم‘‘ شروع ہوگئی ہے۔ جبکہ آل پارٹیز کوآرڈی نیشن کونسل کی کال پر آزاد کشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے پاک فوج کے ساتھ یوم اظہار یکجہتی منایا۔ اس حوالے سے سب سے بڑی ریلی اور اجتماع دارالحکومت مظفر آباد میں ہوا جس کی قیادت آل پارٹیز کوآرڈی نیشن کونسل کے کنوینئر عبدالرشید ترابی نے کی جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید مہمان خصوصی تھے۔ لاہور میں جمعیت علما پاکستان نیازی کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت جے یو پی نیازی کے سربراہ پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز، بینرز، پارٹی پرچم اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ انہوں نے پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی اور دفاعی اداروں کے خلاف نجی میڈیا گروپ کی طرف سے بے بنیاد الزامات کی مذمت کی۔ لاہور پریس کلب کے باہر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پیر معصوم نقوی نے صحافتی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کا مطالبہ کیا۔ چنیوٹ میں  اہل سنت والجماعت کے اور جانثاران تاجدارختم نبوت ضلع چنیوٹ کے زیر اہتمام ریلیاں نکالی گئیں۔ علاوہ ازیں مظفر آباد میں ریلی اور اجتماع سے رہنماؤں غلام محمد صفی، سید یوسف نسیم، انجینئر مشتاق، عبدالحمید لون، قاضی محمود الحسن اشرفی، وزراء طاہر کھوکھر اور عبدالماجد خان نے بھی خطاب کیا۔ یکجہتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید نے کہا کہ آج کی یکجہتی پاک مسلح افواج، حساس اداروں کے ساتھ ہے جنہوں نے ملکی سلامتی کو یقینی بنایا ہوا ہے۔ یہی فوج ہماری سرحدوں کی محافظ ہے۔ جنرل راحیل شریف کے بیان سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے۔ میر واعظ عمر فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جس طرح پاکستانی قوم، حکومت، آزاد کشمیر کی حکومت و عوام اور اپوزیشن سب نے ایک ہی مؤقف اختیار کیا ہوا ہے اس سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ آرمی چیف نے بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مؤقف کی تائید کی ہے ہم اس بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ سید یوسف نسیم نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کے بیان سے کشمیریوں کو نئی امید اور حوصلہ ملا۔ بعدازاں وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید اور حریت قائدین کی قیادت میں پریس کلب سے یکجہتی پاک افواج ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور پاک فوج، آئی ایس آئی کے حق میں نعرے لگائے۔ علاوہ ازیں سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام مہم کے پہلے روز کراچی، حیدر آباد اور سکھر سمیت مختلف شہروں میں نماز جمعہ کے بعد بڑی مساجد کے باہر پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے کئے گئے اور پاک فوج زندہ باد جیسے نعرے لگائے گئے۔ مرکزی مظاہرہ طارق محبوب صدیقی کی قیادت میں نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ کراچی میں ہوا۔ مقررین نے کہا کہ قوم کا بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے۔ علاوہ ازیں چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام میران شاہ بم دھماکے میں ایف سی اہلکاروں کی شہادتوں کے سانحہ کے خلاف ’’یومِ احتجاج‘‘ منایا گیا اور ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات میں ایف سی اہلکاروں کو بارودی سرنگ دھماکے میں شہید کرنے کے المناک واقعہ کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور علمائے اہلسنّت نے خطباتِ جمعہ میں شہید سکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مرکزی سنی رضوی مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج پر حملے کرنے والے غدارانِ پاکستان اور ریاست کے باغی ہیں۔ فوجی جوانوں اور افسروں کے قاتلوں سے مذاکرات کرنا شہداء کے خون سے غداری ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...