اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے 20 جون سے ٹرین مارچ کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کا میرا ایک بھی ووٹر استعفیٰ کا کہہ دے تو دس بار استعفیٰ دینے کیلئے تیار ہوں۔ عمران خان اور طاہرالقادری کے جلسے میں شریک ہوں گے۔ منی لانڈرنگ کے بادشاہ اسحاق ڈار نے دو نسلوں کو مقروض بنا دیا۔ مسلم لیگ (ن) نے صرف 11مئی تک لوڈ شیڈنگ کم کی ہے۔ لوڈ شیڈنگ 11سال تک کم نہیں ہوسکتی۔ عوام کو دھوکہ دیا جا رہا ہے، ایک وقت آئیگا جب نوازشریف کو بھی پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ امریکہ نہیں کینیڈا جا رہا تھا اور مجھے جہاز سے اتار دیا گیا۔ جلد ہی سپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائونگا۔ پاکستان جیسا دنیا میں کوئی ملک نہیں اور پاک فوج جیسی کوئی فوج نہیں۔ دنیا کی ہر خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے ڈرتی ہے۔
20 جون سے ٹرین مارچ کا اعلان، لوڈ شیڈنگ 11 سال ختم نہیں ہوسکتی: شیخ رشید
May 10, 2014