اسلام آباد (ایجنسیاں) ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کو (کل) 11مئی کو ایک سال مکمل ہوجائیگا۔ پیپلز پارٹی کی حکومت کے پانچ سال مکمل ہونے کے بعد ملک بھر میں گذشتہ سال 11 مئی کو عام انتخابات ہوئے تھے۔ نتیجے میں مسلم لیگ (ن) سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی اور وفاق میں حکومت بنائی جبکہ صوبوں میں پنجاب کے علاوہ باقی تین صوبوں میں اتحادیوں پر مشتمل حکومتیں قائم ہوئیں۔ دریں اثناء عام انتخابات کے ایک سال بعد بھی الیکشن کمشن مختلف اداروں کا 95 کروڑ روپے کا مقروض ہے۔ الیکشن کمشن نے عام انتخابات میں خدمات کے عوض فوج کو 50 جبکہ نادرا کو 45 کروڑ روپے ادا کرنا ہیں جو ابھی تک ادا نہیں کئے جاسکے جبکہ دونوں ادارے متعدد بار الیکشن کمشن سے رقم کا تقاضا کر چکے ہیں۔