کراچی (وقائع نگار) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ سندھ میں جاری ترقیاتی کاموں کو وقت مقررہ پر مکمل کیا جائے اور کراچی میں غیر قانونی ہائیڈرینٹس کے خلاف آپریشن جاری رکھا جائے ۔ یہ بات انہوں نے گورنر ہائوس میں وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن سے ملاقات کے موقع پر کہی ، وزیر بلدیات نے گورنر سندھ کو بلدیاتی امور ، جاری ترقیاتی کاموں سمیت غیر قانونی ہائیڈرینٹس کے خاتمے سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی بر وقت تکمیل سے نہ صرف جاری ترقیاتی منصوبوں کے اخراجات میں اضافہ نہیں ہوتا بلکہ شہریوں کو بھی اس کے ثمرات ملتے ہیں ۔ علاو ہ ازیں گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے جمعہ کے روز نواب شاہ میں آنے والے زلزلہ سے متاثرین کی فوری امداد اور دیکھ بھال کے احکامات جاری کئے اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور دیگر حکام کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کریں اور زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد پہنچائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز کے علاقوں میں فوری طور پر ضروری مشینری کو فعال رکھا جائے اور مقامی ہسپتالوں میں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات قوموں کا امتحان ہوتی ہیں اور ایسے وقت میں حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ ہم سب کو لوگوں کی مدد کرنی چاہئے۔