دوسرے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو328 رنز سے شکست، پاکستان نے سیریز جیت لی، اظہر علی مین آف دی میچ قرار

May 10, 2015

ڈھاکہ (نمائندہ سپورٹس) بنگلہ دیش میں مسلسل ناکامیوں کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم نے بالآخر فتح کا مزہ چکھ لیا اور بنگلہ دیش کو دوسرے اوور آخری ٹیسٹ میں 328 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-0 سے جیت لی، میزبان ٹیم بنگلہ دیش 550 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 221 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، مومن الحق 68 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے چار اور عمران خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اظہر علی کو ڈبل سنچری بنانے اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو یہاں شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، میرپور میں ٹیسٹ کے چوتھے روز میزبان ٹیم نے 550 کے تعاقب میں 63 رنز ایک کھلاڑی آئوٹ ہونے پر اننگز دوبارہ شروع کی تو تمیم اقبال 32 اور مومن الحق 15 رنز پر کھیل رہے تھے۔ تمیم اقبال گزشتہ روز کے سکور میں محض دس رنز کا ہی اضافہ کر پائے اور 42 رنز بنانے کے بعد عمران خان کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ تمیم کے آئوٹ ہونے کے بعد بنگلہ دیشی بیٹنگ سنبھل نہ سکی اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ محمود اللہ ایک بار پھر ناکام رہے اور دو رنز بناکر اپنی وکٹ عمران خان کو دے بیٹھے۔ 121 کے مجموعی سکور پر بنگلہ دیش کی چوتھی وکٹ گر گئی جب شکیب الحسن 13 رنز بنانے کے بعد محمد حفیظ کی گیند پر وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ کپتان مشفق الرحیم کو یاسر شاہ نے پہلی اننگز کی طرح دوسری میں بھی کلین بولڈ کیا، وہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ سومیا سرکار کو وہاب ریاض نے ایک کے انفرادی سکور پر پویلین واپس بھیجا۔ مومن الحق جو اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کر رہے تھے وہ بھی 68 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کا شکار بن گئے۔ تیج الاسلام کو بھی یاسر شاہ نے 10 کے انفرادی سکور پر سمیع اسلم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کرایا۔ 221 کے مجموعی سکور پر بنگلہ دیش کی نویں وکٹ گری جب شوگاتا ہوم 39 رنز بناکر جنید خان کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ انجرڈ شہادت حسین بیٹنگ کیلئے نہیں آئے، اس طرح پاکستان نے میچ 328 رنز کے واضح مارجن سے جیت کر سیریز 1-0 سے اپنے نام کر لی۔ یاسر شاہ سب سے کامیاب بائولر رہے انہوں نے 73 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ عمران خان نے دو جبکہ جنید خان، وہاب ریاض اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھلنا میں کھیلا گیا پہلاٹیسٹ بے نتیجہ رہا تھا۔بنگلہ دیش کیخلاف اس کامیابی کے باعث ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کی تیسری پوزیشن برقرار ہے۔ مصباح الحق کی کپتانی میں پاکستان نے چھٹی ٹیسٹ سیریز جیتی ہے۔

مزیدخبریں