لاہور (سپیشل رپورٹر) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ مخالف فرقے کو کافر اور مشرک قراردینے کے فتنے سے نجات حاصل کئے بغیر اتحاد امت کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ سیاست کرنے والی مذہبی جماعتیں متحد نہ ہوئیں تو سیکولر قوتیں مزید مضبوط ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی میدان میں موجود مذہبی جماعتوں کے ایک پلیٹ فارم پر متحد نہ ہونے کے باعث اسلامی نظام کے نفاذ میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل نے مذہبی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا مگر اب مولانا شاہ احمد نورانی اور قاضی حسین احمد جیسی قیادت نظر نہیں آتی۔ جو تمام مکاتب فکر کو اکٹھا کر سکے۔ ان کا کہنا تھاکہ اقتدا ر کی لالچ نے مذہبی جماعتوں کو کمزور کیا ہے۔