”تنہائی کے سو سال“ کا چوری شدہ نایاب نسخہ پرانی کتب کے سٹال سے برآمد

بوگوٹا (بی بی سی اردو) کولمبیا کی پولیس کا کہنا ہے کہ نوبیل انعام یافتہ ناول نگار گیبریل گارشیا مارکیز کے ناول ”تنہائی کے سو سال“ کا چوری ہونے والا پہلا ایڈیشن برآمد کر لیا گیا ہے۔ یہ نایاب نسخہ 2 مئی کو کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا میں منعقدہ ایک بین الاقوامی کتاب میلے میں ایک مقفل الماری سے چرا لیا گیا تھا۔ اس کتاب کے مالک اہم اور نایاب کتب جمع کرنے کے شوقین ہیں اور انہوں نے 1967ءمیں اسے خریدا تھا اور بعدازاں مارکیز نے اس پر اپنے دستخط بھی کئے تھے۔ ایک اندازے کے مطابق اس کتاب کی قیمت 60 ہزار امریکی ڈالر ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں یہ کتاب بوگوٹا میں پرانی کتابوں کے ایک سٹال سے ملی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس چوری کے پیچھے آثارِ قدیمہ اور نایاب اشیا کا کام کرنے والے تاجر ہیں۔ جس کتاب میلے کے دوران یہ نسخہ غائب ہوا تھا وہ جنوبی امریکہ میں سب سے زیادہ مقبول ہے۔ 1982ءمیں ادب کا نوبیل انعام حاصل کرنیوالے ادیب گیبریل گارشیا کی گذشتہ برس موت کے بعد ان کے ناولوں کے پہلے ایڈیشنز کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن