پرویز رشید کا مدارس پر بیان شعائر اسلامی کی توہین ہے: مذہبی سیاسی رہنما

May 10, 2015

لاہور (سپیشل رپورٹر) مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے کہا ہے کہ وہ وزیر اطلاعات پرویز رشید کی جانب سے دینی مدارس کو جہالت کی یونیورسٹیاں قرار دینا شعائر اسلامی کی توہین ہے۔ حکومت فی الفور انہیں وزارت کے عہدہ سے ہٹائے اور اسلامی شعائر کی توہین کا مقدمہ درج کیا جائے۔ علماء کرام کو سنجیدگی سے مل بیٹھ کر اس حوالہ سے متفقہ لائحہ عمل ترتیب دینا چاہئے۔ کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کئے گئے ملک میں دینی مدارس و مساجد کے خلاف ہرزہ سرائی ناقابل برداشت ہے۔ ان خیالات کا اظہار حافظ محمد سعید‘ صاحبزادہ ابوالخیر زبیر‘ جنرل (ر) حمید گل‘ اعجاز الحق‘ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ‘ حافظ عبدالغفار روپڑی‘ مولانا امیر حمزہ‘ قاری محمد یعقوب شیخ‘ شیخ نعیم بادشاہ و دیگر نے کیا۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ قرآن و حدیث کی تعلیم دینے والے دینی مدارس کو جہالت کی یونیورسٹیاں قرار دینا شعائر اسلامی کی توہین ہے۔ دینی مدارس کیخلاف ہرزہ سرائی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ کوئی کم علم آدمی ہی دینی مدارس کے حوالہ سے ایسی ہی بات کرسکتا ہے۔ جنرل (ر) حمید گل نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ پرویز رشید کسی جہالت کی یونیورسٹی سے پڑھ کر آئے ہیں۔ دینی مدارس اسلام کی خدمت کر رہے ہیں۔ فرید احمد پراچہ نے کہا کہ پرویز رشید نے دینی مدارس کے خلاف بات کر کے اپنی جہالت کا ثبوت دیا ہے۔ دینی مدارس میں قرآن و حدیث سے متعلقہ علوم پڑھائے جاتے ہیں۔

مزیدخبریں