لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیۃ علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ایبٹ آباد میں لڑکی کو جلانے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا کہ یہ واقعہ قابل مذمت ہی نہیں قابل نفرت ہے انہوں نے اس واقعہ کی فوری غیر جانبدارانہ تحقیقات اور اصل حقائق جلد منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ وہ مولانا محمد امجد خان، مفتی ابرار احمد، مولانا ہدایت اللہ شاہ، مولانا محبوب الرحمن قریشی، مولانا ناصر محمود سے ٹیلی فونک گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ لڑکی کو زندہ جلانا بدترین جہالت ہے اور اسلامی قوانین کی موجو دگی میں ایسے کسی فیصلے کی اجازت نہیں ہے۔ حکومت اس واقعہ کی تحقیقات میں تاخیر نہ کرے۔ لڑکی کو جلانے کی واقعہ نے لوگوں کے دلوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ کسی بھی غیر شرعی اقدام کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔ غیرت کے نام پر خواتین کا قتل غیر شرعی عمل ہے۔ دریں اثناء فضل الرحمن نے پاکستانی نژاد صادق خان کو لندن کا مئیر بننے پر مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ پاکستانی قوم کے لئے بڑی خبر ہے۔ مولانا محمد امجد خان کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے جے یو آئی بر طانیہ کے ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ وہ صادق خان سے ملاقات کریں اور میری طرف سے مبارکباد کا پیغام پہنچائیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان سے آئی این پی کے مطابق فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے خطے کی تقدیر بدلے گی۔ اقتصادی راہداری ڈی آئی خان سے ہوتے ہوئے بلوچستان جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جنوبی اضلاع کے اکابرین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے خطے کی تقدیر بدلے گی۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ دشمن کی آنکھوں میں کھٹک رہا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں خطے کی ترقی کو مدنظر رکھا گیا ہے۔