اسلام آباد (اے پی پی) بڑھتی ہوئی ترسیلات زر اور نجی سرمایہ کاری سے ملک کی اقتصادی ترقی کو تقویت مل رہی ہے جبکہ وفاقی حکومت نے نئے مالی سال 2016-17ء کیلئے مزید کاروبار دوست بجٹ لانے کا وعدہ کر رکھا ہے۔ ’’خلیج ٹائمز‘‘ کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی تجزیہ نگار اور کثیر الجہت ادارے وزیراعظم نواز شریف کی حکومت کی پالیسیوں کے معترف ہیں اور پیشگوئی کر رہے ہیں کہ معیشت، کاروبار اور مالی شعبوں کی تجدید اور تسلسل ماضی کی حکومت کے پانچ سال کے مقابلہ میں درست سمت گامزن ہے۔ عالمی بینک کی تازہ ترین کنٹری رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مقامی ترسیلات زر میں تیزی سے اضافہ کا رجحان اور پاکستان چین اقتصادی راہداری کے تحت بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری نے ملکی معاشی ترقی کو سہارا دیا ہے۔ بڑھوتری 5.5 فیصد کے ہدف سے کم رہی ہے جو پاکستان کے سالانہ منصوبہ اور جنوبی ایشیا کی اوسط 7.5 فیصد تصور کی جا رہی تھی۔ پاکستان کی بڑھوتری 4.2 فیصد سے بڑھ کر 4.5 فیصد تک متوقع ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ عوام کو مختلف صنعتوں میں سرمایہ کاری کیلئے حوصلہ افزائی کرے گا۔ مجموعی ملکی پیداوار 5 فیصد تک بڑھ گئی ہے جس کی سابقہ سطح 2 یا 3 فیصد رہتی تھی۔