اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف کراچی سے خیبر تک 23 مئی سے کراچی تا پشاور ٹرین مارچ شروع کیا جائے گا، جس میں دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن روک لی جائے تو ملک ترقی کرسکتا ہے، کرپٹ سٹیٹس کو کے خلاف اب عوام کے اٹھنے کا وقت آگیا، کرپشن فری پاکستان تحریک کا مقصد ملک میں حقیقی احتساب لانا ہے، 2018 سے پہلے پہلے انتخابی کرپشن کا خاتمہ بھی ضروری ہے، قائد اعظم کا خود کو وارث سمجھنے والے بتائیں کیا پاکستان سیکولر بننے کےلئے بنایا گیا، کرپٹ لوگوں کا ہر جگہ پر تعاقب کرکے چوری شدہ پیسہ واپس لائیں گے، چیف جسٹس خیبر لیکس پر سو موٹو نوٹس لیں، ابھی انتظار کر رہے ہیں کس کس کے مزید نام آرہے ہیں، تمام سیاسی جماعتیں اپنے اندر موجود گندے ٹماٹر باہر پھینکیں، ہماری جدوجہد سے مارشل لاءنہیں آئے گا، دنیا بھر میں پانامہ لیکس پر تحقیقات ہورہی ہیں، یہاں ابھی تک کمشن نہیں بنا، صرف وزیر اعظم کے خاندان کا ہی نہیں پانامہ لیکس میں شامل سب کا احتساب ہونا چاہیے۔ اسلام آباد میں مرکزی قیادت سے مشاورتی اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس نے سب کچھ کھول کر رکھ دیا اور ایوانوں میں بیٹھے لوگ آئندہ چند دنوں میں جیل میں ہوں گے، پاناما لیکس والوں کےلئے اڈیالہ جیل میں جگہ کم پڑ جائے گی جس کے لئے بلوچستان اور سندھ کی جیلوں کو بھی رنگ و روغن کر لیا جائے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے ہر ادارے میں کرپشن موجود ہے، اگر کرپشن روک لی جائے تو ملک ترقی کرسکتا ہے، 40 فیصد قرضہ ادا ہوسکتا ہے، اگر کرپشن کا پیسہ واپس لانے میں کامیاب ہوگئے تو ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے، ملک پر کرپٹ اشرافیہ مسلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 95 فیصد علاقوں میں صاف پانی میسر نہیں، جب تھر میں بچے بھوک سے مر رہے تھے تب سندھ حکومت جشن منا رہی تھی۔ دنیا بھر میں اس لیکس پر تحقیقات ہورہی ہیں، یہاں ابھی تک کمشن نہیں بنا۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ سٹیٹس کو کے خلاف اب عوام کے اٹھنے کا وقت آگیا۔ کرپشن کے خلاف پارلیمنٹ میں جلد بل لائیں گے۔ 14 مئی کو کرپشن فری پاکستان مہم کے تحت باجوڑ، 15 مئی کو کوہاٹ اور 29 مئی کو چترال میں جلسے کئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اپنے اندر احتساب کریں تو آئندہ الیکشن کیلئے انہیں امیدوار بھی نہیں ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیب پلی بار گین کیلئے کرپٹ افراد کو نہ چھوڑے۔
سراج الحق