اسلام آباد (اے پی پی) پاکستانی نژاد فرانسیسی شیف ”واحد برادران“ کے اعزاز میں اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں غیر رسمی تقریب پذیرائی کا اہتمام کیا گیا جس میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے خصوصی دعوت پر شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان میں فرانس کی سفیر مارٹن ڈورینس بھی موجود تھیں۔ فرانسیسی کھانوں پر پاکستانی نژاد شیف واحد برادران نے خوب داد سمیٹی۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب اور فرانس کی سفیر نے بھی واحد برادران کے کھانوں کی تعریف کی۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے مشہور شیف بھائیوں سلویسٹر واحد اور جوناتھن واحد کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ممالک میں مقیم کئی پاکستانی زندگی کے ہر شعبہ میں کامیابیاں حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں، ہمیں ان کی کامیابیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ واحد برادران بھی لذیذ پکوان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ فرانس کے صدارتی انتخابات پر وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے فرانسیسی سفیر کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کم عمر ترین صدر ایمینول میکغوں کا انتخاب فرانس کے عوام کا ان پر اعتماد کا مظہر ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے واحد برادران نے کہا کہ پاکستانی لذیذ کھانوں کے دلدادہ ہیں اور اچھے پکوان اور ذائقے کی پہچان رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستان اور اس کے عوام سے بہت محبت ہے اور ان کی ترقی اچھی لگتی ہے، اچھے کھانے کھا کر لوگوں کا موڈ اچھا ہو جاتا ہے، جس سے بہت خوشی ملتی ہے۔ واحد برادران نے کہا کہ دوسروں کی تواضع سے معاشرے میں اچھے جذبات فروغ پا سکتے ہیں، دونوں بھائی سلویسٹر واحد اور جوناتھن واحد پاکستان کے شہر کوہاٹ میں پیدا ہوئے تھے۔
واحد برادران
”واحد برادران“ نے لذیذ پکوانوں میں اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا: مریم اورنگزیب
May 10, 2017