لاہور+صفدر آباد+شیخوپورہ(نامہ نگار+خصوصی رپورٹر+نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت) نواحی گاؤںنیواں پنڈ میں زمیندار مالکہ نے تیرہ سالہ ملازم عرفان کا چارہ کاٹنے والی مشین سے دایاں ہاتھ کاٹ دیا۔ تفصیلات کے مطابق شفقت بی بی نے جانوروں کو چارہ ڈالنے کے لئے13سالہ عرفان کو ملازم رکھاہوا تھا۔چند روز پہلے عرفان جانوروں کے لئے کھیتوں سے چارہ لے کر آیا۔اور شفقت بی بی سے روٹی مانگی ۔شفقت بی بی نے اسے روٹی تو نہ دی بلکہ گالی گلوچ شروع کردیا۔اور طیش آکر عرفان کو پکڑ کر چارہ کاٹنے والی مشین کے پاس لے گئی۔اور مشین چلا کر دھکا دے دیا۔ جس سے عرفان کا دایاں بازوکٹ گیا۔ایس ایچ او صفدرآباد نے بتایا وقوعہ 25اپریل کاہے زخمی کی والدہ 8مئی کو تھانہ آئی پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔تفتیش میرٹ پر ہو گی۔اگر مقدمہ میں نامزد افراد گناہ گارثابت ہوئے تو کوئی رعائت نہیں ہو گی۔ شیخوپورہ نمائندہ نوائے وقت/نامہ نگار خصوصی کے مطابق 15روز قبل چارہ کاٹنے کے دوران ٹوکے میں آ کر ہاتھ کٹ گیا جس کا علاج معالجہ ہوتا رہا مگر کئی روز بعد گائوں مچھر والی کے رہائشی عرفان کی والدہ جنت بی بی نے ڈی پی او شیخوپورہ کو درخواست میں الزام عائد کیا مورخہ25.4.17کو اس کا بیٹا جانورں کے لئے چارہ لایا اور مسماۃ شفقت بی بی نے مجھے روٹی دو جس نے روٹی نہ دی بلکہ گالی گلوچ کرتے ہوئے ٹوکہ مشین چلا کر سائل کے بیٹے کو بازو سے پکڑ کر مشین کے پاس لے جا کر دھکا دیا جس سے سائلہ کے بیٹے کا دائیاں بازو ٹوکہ مشین کے اندر چلا گیا، اور مشین نے اس کے بیٹے کا دائیاں ہاتھ کاٹ دیا۔ خاتون جنت بی بی کی درخواست پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے FIRمیں متذکرہ ظفر تارڑ کو رائونڈ اپ کر کے گرفتار کر لیا تا ہم شفقت بی بی نے مقامی عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر لی ۔ پولیس نے میڈیکل لیگل کیلئے ہسپتال انتظامیہ سے بھی رابطہ ر لیا ہے، ڈی پی او سر فراز خان ورک نے نوائے وقت کو بتایا تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ایک تفتیشی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔ اور واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، دریں اثناء شفقت بی بی نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ہاتھ ٹوکہ میں دینے کا واقعہ پیش نہیں آیا، بلکہ چارہ کاٹتے ہوئے عرفان کا ہاتھ کٹا جو میرے بچوں کی طرح ہے اور اس کے علاج معالجہ کیلئے اور ہر طرح سے ان کی امداد بھی کی ۔لاہورسے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے شیخوپورہ کے علاقے وائیاں والی میں تشدد کے بعد13سالہ ملازم کا ہاتھ کاٹنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ لڑکے پر تشدد اور ہاتھ کاٹنے کے ذمہ داروں کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
شیخوپورہ: زمیندار نے کھانا مانگنے پر ملازم کا ہاتھ کاٹ دیا، شہباز شریف کا نوٹس
May 10, 2017