لاہور (فرخ سعید خواجہ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ننکانہ میں شیراں کلاں کے مقام پر آج ہونے والے جلسہ کو سکیورٹی وجوہات کی بنا پر محدود اجتماع میں تبدیل کر دیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ کراچی سے لاہور آنے والی موٹر وے ضلع ننکانہ میں شیراں کلاں سے گزرتی ہے اس مقام پر مسلم لیگ ن نے جلسہ کرنے کا پروگرام بنایا تھا وزیراعظم نے خطاب کرنا تھا تیاریاں جاری تھیں کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) ضلع ننکانہ اور انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ جلسہ کی بجائے صرف محدود بریفنگ کا اہتمام کیا جائے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اب جلسہ کی بجائے بریفنگ کے لئے کنوپی کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں لگ بھگ 200 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی جبکہ سٹیج بھی نہیں بنایا جائے گا۔ مقامی مسلم لیگ کو صرف 50 لوگ بلانے کی اجازت ہو گی۔ وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ اسلام آباد اور لاہور سے جو لوگ جائیں گے ان میں زیادہ تر صحافی ہوں گے۔ البتہ کل 11 مئی کو وزیراعظم نواز شریف حسب پروگرام چیچہ وطنی میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔