لاہور(اسپو رٹس رپورٹر) لیئرلیگ نے دنیا کے سٹار فٹ بالر رونالڈینوکے بعد فرانس کے نکولس اینلکاکو بھی پاکستان لانے کا اعلان کر دیا۔ رونالڈینو اور اینلکا پاکستان میں فٹ بال کے فروغ اور بہترین کھلاڑیوں کو منتخب کرکے دنیا کے بہترین کلبس اور انٹرنیشنل لیئر لیگ 2018ء کے مقابلوں میں حصہ دلوائیں گے، لیئر لیگ مستقبل میں پاکستان میں فٹ بال اکیڈمیز قائم کرے گی، ان خیالات کا اظہار چیف آپریٹنگ آفیسر لیئر لیگ اسحاق شاہ نے رائل پام کنٹری کلب میں تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے تقریب میں صوبائی وزیر کھیل جہانگیرخانزادہ ، چیئرمین پاکستان سپر لیگ نجم سیٹھی، سابق کورکمانڈرکراچی لیفٹنٹ جنرل (ر) جاوید ضیائ، ایگزیکٹو لیئر لیگ انس محمود ٹرنک والا، چیف سلیکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم انضمام الحق ، سابق کرکٹر مشتاق احمد، عطاء الرحمن، پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر قومی کبڈی ٹیم کے کپتان شفیق چشتی، مدیحہ لطیف ، سابق کرکٹر مدثر نذر ، اتھلیٹ نسیم حمید سمیت سپورٹس سے وابسطہ سینکڑوں شخصیات نے شرکت کی ہے، چیف آپریٹنگ آفیسر لیئر لیگ اسحاق شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں فٹ بال کا ٹیلنٹ موجود ہے ، لیئرلیگ کے ذریعے پاکستان سے فٹ بال کے بہترین کھلاڑی سامنے آئیں گے۔ صوبائی وزیر کھیل جہانگیرخانزادہ نے کہا ہے کہ لیئرلیگ کو جتنی بھی سپورٹ چاہیے ہم دیں گے، سپورٹس کا فروغ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ لیئر لیگ کا انعقاد اور پھر دنیا کے بہترین فٹ بالرز کا پاکستان آنا خوش آئند ہے۔ تقریب سے پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی ، انضمام الحق سمیت کئی شخصیات نے خطاب کیا ہے۔