اقتدارکیلئے شارٹ کٹ ڈھونڈنے والے قوم پر رحم کریں :شہباز شریف

لاہور(خصو صی رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے مسلم لیگ (ن) کی سیاست ملک و قوم کی خدمت اور ترقی کی سیاست ہے اور حکومت وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں گزشتہ چار برس سے عوام کی بے لوث خدمت کر رہی ہے ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح اور اسے بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے اٹھ رہا ہے۔ الزام تراشی، جھوٹ اور منافقت کی سیاست کرنے والے پاکستان کی ترقی کے دشمن ہیں اور یہ عناصر نہیں چاہتے پاکستان آگے بڑھے اور عوام کے مسائل حل ہوں۔ دھرنوں کے ذریعے قوم کا وقت ضائع کرنے والے قوم کے مجرم ہیں اور پاکستان کے باشعور عوام نے ووٹ کی طاقت سے ان عناصر کو ہر موقع پر آئینہ دکھایا ہے، اب ان عناصر کو جان لینا چاہیے سیاست عوام کی بے لوث خدمت کا نام ہے اور عوام کی خدمت ہی سیاست ہے، اقتدار کے لئے شارٹ کٹ کا راستہ ڈھونڈنے والے یہ شکست خوردہ عناصر اب قوم پر رحم کریں اور ہوش کے ناخن لیں۔ شہبازشریف نے منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ملک پر چھائے اندھیرے چھٹ جائیں گے اور ملک سے ہمیشہ کیلئے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا ترقی کرتا اور آگے بڑھتا ہوا پاکستان دشمنوں کو برداشت نہیں ہو رہا اور توانائی منصوبوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل سے عوام کی ترقی کے دشمن خائف ہیں۔ مزید براں شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2016-17ء کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور سالانہ ترقیاتی پروگرام2017-18ء کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت متوازن ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور پسماندہ اور دور دراز علاقوں کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ جبکہ جنوبی پنجاب کے اضلاع کیلئے فلاحی پروگراموں میں 10فیصد اضافی کوٹہ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کرکے ایک مثال قائم کی گئی ہے اور اسی پالیسی کو آگے بڑھائینگے۔ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت، شفاف اور معیاری تکمیل ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ عوامی فلاح کے منصوبوں میں غفلت اور تساہل ہرگزبرداشت نہیں۔ سرکاری محکمے ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کے ذمہ دار ہیں اور اس ضمن میں جوابدہ بھی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی تمام محکمے اور ادارے ترقیاتی فنڈزکا شفاف انداز میں استعمال اور ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل یقینی بنائیں اور30جون تک ترقیاتی فنڈز کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ ترقیاتی سکیمیں بروقت مکمل ہوں اور عوام ان کے ثمرات سے مستفید ہوں۔ ترقیاتی سکیموں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیںکروں گا۔ جبکہ آئندہ مالی سال کے دوران پسماندہ علاقوں کی ترقی پر اربوں روپے خرچ کیے جائینگے۔شہبازشریف کی زیرصدارت اعلی سطح اجلاس میں دورہ چین اور پنجاب میں کاروباری مواقع کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی 12مئی کو چین کے دورے پر روانہ ہو ںگے جہاں وہ ون بیلٹ ون روڈ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعلی چین کی قیادت اور دیگر چینی رہنمائوں سے ملاقاتیں کریںگے اور پنجاب حکومت اور چین کے مابین مختلف شعبوںمیں تعاون کے معاہدے ہوںگے۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے چین میں روڈ شو کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے جبکہ لاہور میں رواں ماہ کے آخر میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا سی پیک حقیقی معنوں میں گیم چینجر بن گیا ہے اور پاکستان کے 20کروڑ عوام کی ترقی او رخوشحالی کے لئے سی پیک چین کا ایک عظیم تحفہ ہے۔ شہباز شریف کی زیر صدارت گزشتہ روز اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ، جس میں سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت لاہور کے منصوبے پر پیشرفت اور دیگر 6بڑے شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس شروع کرنے کے بعض امور کاجائزہ لیا گیا- شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا امن عامہ کی فضا کو بہتر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کااستعمال انتہائی ضروری ہے انہوںنے کہا جرائم کی روک تھام او ردہشت گردی کے خاتمے کے لئے یہ پراجیکٹس انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل سے امن عامہ کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ مزید براں شہبازشریف نے آج سہہ پہر 3 بجے کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا۔ اجلاس میں گیس بیس پاور پراجیکٹ کی منظوری دی جائے گی۔ اجلاس میں صوبے کے جنگلات سے متعلق پالیسی بھی زیر غور آئے گی۔ کابینہ اجلاس میں 4 مختلف ترمیمی بلوں کی بھی منظوری دی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن