اسلام آباد‘ لاہور‘ملتان (ایجنسیاں‘نامہ نگاران) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور سمیت خیبر پی کے اور پنجاب کے مختلف شہروں میں 6.4 شدت زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ لوگ گھبرا کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ بدھ کو اسلام آباد، پشاور، لاہور، ملتان‘ فیصل آباد، چترال میں دوپہر کے اوقات میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ڈیرہ اسماعیل، لوئر دیر، اورکزئی ایجنسی، باجوڑ ایجنسی، مانسہرہ، چارسدہ، ہنگو، شانگلہ، مالاکنڈ، چنیوٹ سمیت دیگر علاقوں میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ اس کے علاوہ مظفر آباد سمیت آزاد کشمیر کے تمام علاقوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکے 7 سے 8 سیکنڈ تک جاری رہے۔ اس سے قبل صبح اسلام آباد میں 8 بجکر 35 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جن کا دورانیہ 20 سے 30 سیکنڈز تھا۔ خیبرپی کے کے شہروں صوابی، پاراچنار، سوات، ایبٹ آباد، مردان، مانسہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.5 ریکارڈ کی گئی، جس کی زیر زمین گہرائی 12 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز بنوں سے 30 کلومیٹر شمال میں تھا۔ دوسری جانب پنجاب کے شہروں شیخوپورہ‘ میانوالی، سرگودھا‘ سمبڑیال‘ گوجرانوالہ‘ سیالکوٹ‘ سانگلہ ہل، پنڈی بھٹیاں، پسرور اور بھکر میں بھی زلزلے کے جھٹکوں کی رپورٹس سامنے آئیں۔ ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 4 بتائی جا رہی ہے اور اس کا مرکز افغانستان، تاجکستان سرحد پر کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔ ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب بنوں، پشاور اور صوابی کے سکولوں میں زلزلے کے جھٹکوں سے 45معصوم بچے بھگدڑ کے نتیجے میں شدید زخمی ہوگئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کیلئے ہسپتال میں منتقل کردیا گیا۔ بنوں میں زلزلے کے باعث گورنمنٹ مڈل سکول ٹانچی میں بھگدڑ مچنے سے 11 طلبہ زخمی ہوگئے۔ 5 طلبہ کو معمولی چوٹیں آئیں جبکہ 6 طلبہ زیادہ زخمی ہوئے جنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ جنوبی وزیرستان ایجنسی کے علاقہ پیاژہ میں زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے سکیورٹی فورسز کی گاڑی گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ سات اہلکار زخمی ہو گئے‘ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لئے رزمک ہسپتال منتقل کیا گیا۔ملک کے دیگر حصوں کی طرح ملتان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ملتان میں سہ پہر3 بجکر41 منٹ پر زلزلے کے معمولی جھٹکے محسوس کئے گئے جس پر شہری گھروں اور بازاروں میں خریدار اور مارکیٹوں سے عملہ باہر نکل آیا۔
زلزلہ
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور سمیت خیبر پی کے اور پنجاب کے مختلف شہروں میں 6.4 شدت زلزلے کے جھٹکے
May 10, 2018