کوئٹہ، بنوں، سوات (بیورو رپورٹ+ نامہ نگار) دشت کے علاقہ کلی کابو میں بارودی سرنگ کے دھماکے 4 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ سیکورٹی فورسزکی گاڑی دوران گشت نامعلوم افراد کی جانب سے روڈ کنارے نصب بارودی سرنگ سے ٹکرائی جس سے چار سکورٹی اہلکار نائیک صادق، سپاہی عدنان، سپاہی کاشف اور سپاہی گل سبحان زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر کوئٹہ منتقل کردیا۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ دوسری طرف کوئٹہ کے نواحی علاقے میاں غنڈی شاہ ٹاون سے کالعدم تنظیم کے کمانڈ ر محمد اسماعیل عرف مفتی کو ایک مکان پر چھاپہ مار کر گرفتارکیاگیا ہے۔ گرفتاردہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔دوسری طرف شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں سرکاری گرلز پرائمری سکول کیساتھ شدت پسندوں نے بارودی مواد نصب کر رکھا تھا جو دھماکے سے پھٹ گیا جس سے سکول کے مرکزی دیوار کو جزوی نقصان پہنچا ۔علاوہ ازیں سوات میں اعلیٰ پولیس حکام کی ہدایت پر چارباغ اور خوازہ خیلہ چیک پوسٹو ں کو ختم کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق مذکورہ چیک پوسٹوں پر اس سے قبل پاک آرمی کے جوان تعینات تھے جسے کچھ عرصہ قبل امن کی صورتحال بہتر ہونے پر سول انتظامیہ کے حوالے کیا گیا۔