اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ سٹریٹ چلڈرن بھی ہمارے جگر کے ٹکڑے ہیں اور زندگی کی تمام تر سہولتوں پر ان کا بھی برابر حق ہے، ان بچوں کو آگے لانے کے لئے مسلم ہینڈ کی خدمات قابلِ تعریف ہیں۔ صدر نے یہ بات فٹ بال کے عالمی مقابلوں میں شرکت کے لیے مسلم ہینڈ انٹرنیشنل کے زیراہتمام روس جانے والی سٹریٹ چلڈرن کی ٹیم سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ اور چیئرمین مسلم ہینڈ انٹرنیشنل سید لختِ حسنین شاہ بھی موجود تھے۔ صدر نے کہا کہ سٹریٹ چلڈرن کو کھیلوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں مرکزی دھارے میں شامل کرنے کی کوششیں صدقہ جاریہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایک صحت مند اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل کے لیے کھیل بہت ضروری ہیں۔ صدر مملکت نے کھلاڑیوں کو نصیحت کی کہ وہ جب کھیل کے میدان میں اتریں تو خود کو کسی سے کم نہ جانیں اور اپنے ملک کی عزت اور سربلندی کے جذبے کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں ہے۔ صدر مملکت نے کھلاڑیوں کو مزید نصیحت کی کہ وہ کھیل کے ساتھ ساتھ تعلیم پر بھی پوری توجہ دیں کیونکہ تعلیم ہی سب سے بڑی طاقت ہے جو قوموں کو عروج اور سربلندی عطاکرتی ہے۔ پیر امین الحسنات شاہ نے کہا کہ زندگی کی بہت سی نعمتوں سے محروم یہ بچے کامیابی کے جذبے کے ساتھ روس جارہے ہیں ہم توقع کرتے ہیں کہ یہ وطن سے دور وطن کا پرچم سربلند کر کے لوٹیں گے۔
سٹریٹ چلڈرن جگر کے ٹکڑے، زندگی کی سہولتوں پر برابر کا حق: صدر ممنون
May 10, 2018