اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ نیوکلیئر سپلائرز گروپ کو ایک اصول پسند تنظیم کے طور پر کام کرنا چاہئے۔ اگر گروپ، این پی ٹی پر دستخط نہ کرنے والے ملکوں کی رکنیت کیلئے اہلیت کا منصفانہ اور غیر امتیازی طریقہ کار وضع کرتا ہے تو پاکستان اس پر غور کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے بدھ کو یہاں دو روزہ بین الاقوامی سیمینار ’’سٹرٹیجک ایکسپورٹ کنٹرولز کا حال اور مستقبل‘‘ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا جس کا اہتمام ایک مقامی ہوٹل میں وزارت خارجہ کے سٹرٹیجک ایکسپورٹ ڈویژن کی طرف سے کیا گیا ہے۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان جوہری عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ کے مقاصد کے ساتھ پرعزم ہے، پاکستان نیوکلیر سپلائر گروپ کی رکنیت کے معیار پر پورا اترتا ہے۔ بھارت کا نام لئے بغیر انہوں نے کہا کہ نیوکلیر سپلائر گروپ کی رکنیت دینے کے لئے مخصوص استثنیٰ، علاقائی تزویراتی استحکام اور عدم پھیلاو کے مقاصد کے لئے نقصان دہ ہوگا۔ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے پھیلاؤ اور بین الاقوامی امن و استحکام کے لئے اس کے خطرات کے حوالے سے پاکستان عالمی تشویش کو بخوبی سمجھتا ہے۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ ہم حساس مواد اور ٹیکنالوجیز کی منتقلی پر موثر کنٹرول کی ضرورت تسلیم کرتے ہیں تاکہ ان کے غلط استعمال اور نقصانات کو روکا جاسکے۔ تاہم پاکستان جیسی تمام ریاستوں کو یہ قانونی دلچسپی حاصل ہے کہ وہ جینوئین سماجی و اقتصادی ترقی کی ضروریات کے لئے اس کا دہرا استعمال کر سکیں جہاں سرکاری و نجی شعبہ میں ٹیکنالوجی انڈسٹری کو فروغ مل رہا ہے۔
پاکستان نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کیلئے معیار پر پورا اترتا ہے: تہمینہ جنجوعہ
May 10, 2018