اسلام آباد(خبر نگار)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی اسلام آباد کے حامد شہید شکیل آڈٹیوریم نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی سالانہ تقسیم ایوارڈ تقریب منعقد ہوئی ،جس کے مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل آف پولیس و وفاقی سیکرٹری افتخا ر رشید تھے ۔ افتخا ر رشید نے کہا ہے کہ موٹروے پولیس کی کارکردگی پر پوری قوم کو فخر ہے ۔ افسران نے اپنی محنت ، ایمانداری ، خوش اخلاقی ،بے لوث خدمت اور بلاامتیاز قانون کے نفاذ کے ساتھ ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے ۔انہوں نے کہا موٹروے پولیس کی اہم ترجیحات میں روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کی موثر آگاہی کے ذریعے حادثا ت میں کمی لانا ہے جو قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تنظیموں نے موٹروے پولیس کو کرپشن سے پاک ادارہ اور سرکار ی محکموں کیلئے رول ماڈل ادارہ قرار دیا ہے ۔ انسپکٹر جنرل، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے ایوارڈ کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ موٹروے پولیس کی کامیابی اس کی ایمانداری ، خوش اخلاقی اور شہریوںکی بے لوث خدمت کے ذریعے ہی ممکن ہوئی ہے لہذا افسران اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران خوش گفتاری اور قانون کے بلا امتیاز اطلاق کے ساتھ ساتھ مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کو ہر صورت ممکن بنایا جائے۔ فیلڈ اسٹاف کو تمام لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جائیگی محکمہ کے ملازمان کے لیے میڈیکل پالیسی کا جلد اعلان کیا جائے گا اور کانسٹیبل اور ہیڈ کانسٹیبل عہدہ کے ملازمان کی اپ گریڈیشن کردی گئی ہے۔