سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ، کسانہ ڈیم کی تعمیرسمیت 3 آبی ، خور اک کووزراعت کے2 منصوبے منظور

اسلام آباد (این این آئی) سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے خوراک و زراعت کے 2 اور آبی وسائل کے 3 منصوبوں کی منظوری دیدی جبکہ ڈپٹی چیئر مین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ حکومت خوراک و زراعت، آبی وسائل اور فزیکل پلاننگ اینڈ ہاوسنگ کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،پلاننگ کمیشن نے اس حوالے سے ملک میں ان شعبوں کی بہتری کے لئے ایک مربوط منصوبہ بندی کی ہے جس سے عام شہریوںکو فائدہ پہنچے گا۔ اجلاس میں خوراک و زراعت کے دو منصوبے پیش کیے گئے جس میں پہلا منصوبہ79 کروڑ93 لاکھ 67ہزار روپے کی لاگت کا پیش کیا گیا جبکہ دوسرا منصوبہ2 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت کا پیش کیا گیا، دونوں منصوبوں کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔ اسی طرح اجلاس میں آبی وسائل کے شعبے میں فتح جنگ میں کسانہ ڈیم کی تعمیر کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کی کل لاگت 2 ارب 62 کروڑ 94لاکھ 2 ہزار روپے پیش کی گئی جس کو اجلا س میں منظور کر لیا۔ جنوبی وزیر ستان میں شکئی ڈیم کی تعمیر کے لیے 90 کروڑ 8لاکھ روپے کا پیش کیا گیا جس کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا ۔ سندھ کے بیراجوں کی تعمیر و ترقی اور سکھر بیراج جدید ٹیکنالوجی میں ڈھالنے کے لیے 17 ارب 90 کروڑ 89لاکھ روپے کامنصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس نے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا ۔ اسی طرح اجلاس میں فزیکل پلاننگ اینڈ ہاوسنگ کے تحت افغان پیکچ کے تحت افغانستان کے 2 شہروں کابل اور لوگر میں ہسپتالوں کی تعمیر و ترقی کے لیے 54 کروڑ47لاکھ 96 ہزار روپے کی لاگت کا پیش کیا گیا جس کو اجلاس میں منظور کر لیا۔

ای پیپر دی نیشن