واشنگٹن(آن لائن)امریکا کے سابق صدر باراک اوباما نے ایران سے جوہری معاہدے سے نکلنے کے ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران جوہری معاہدے سے نکلنے کے اعلان پر سابق صدر باراک اوباما نے کہا کہ ایران ڈیل ختم کرنے کا فیصلہ گمراہ کن اور سنگین غلطی ہے،یہ واضح ہے کہ جوہری معاہدہ اب بھی فعال ہے،یورپی اتحادیوں کے علاوہ آزاد ماہرین اور موجودہ امریکی وزیر خارجہ خود اس معاہدے کے حامی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان گمراہ کن ہے۔سابق امریکی صدر نے کہا کہ جمہوریت میں ہمیشہ پالیسیوں میں تبدیلیاں آتی ہیں اور ہر آنے والی حکومت کی اپنی ترجیحات ہوتی ہیں،تاہم مسلسل معاہدوں کی پاسداری نہ کرنے سے امریکا کی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔باراک اوباما نے کہا کہ کسی ایرانی اشتعال انگیزی کے بغیر معاہدے کو خطرے میں ڈالنا سنگین غلطی ہے۔ امریکا کی جانب سے ایران سے ہونے والے جوہری معاہدے سے دستبرداری کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد اضافہ ہوگیا۔ ایران معاہدے سے دستبرداری پر عالمی تیل سپلائی غیریقینی صورتحال سے دوچار ہے ۔